پرویز الٰہی کا جسمانی ریمانڈ منظور،مونس الٰہی کا ردِعمل

صدر پی ٹی آئی کا جرم یہ ہے کہ وہ عمران خان کے ساتھ وفا داری نبھا رہے ہیں،سابق وفاقی وزیر

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) چوہدری پرویز الٰہی کو جسمانی ریمانڈ منظور ہونے پر مونس الٰہی نے ردِعمل دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں پی ٹی آئی کے صدر اور سابق وزیراعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ کا جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا،نیب حکام نے پرویز الٰہی کو احتساب عدالت میں پیش کیا۔
عدالت نے پرویز الٰہی کو 21 اگست تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا۔ سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے پرویز الٰہی کا جسمانی ریمانڈ مںظور ہونے پر ٹویٹ کیا اور کہا کہ سابق وزیراعلٰی کا جرم یہ ہے کہ وہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ وفا داری نبھا رہے ہیں۔


یاد رہے کہ سابق وزیراعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کیخلاف مجموعی طور پر 23 ارب مالیت کے 226 ٹھیکوں میں فرنٹ مینوں کے ذریعے سوا ارب کی کرپشن و کک بیکس وصول کرنے کا الزام ہے۔
نیب لاہور پرویزالٰہی، مونس الٰہی اور سی اینڈ ڈبلیو کے افسران کیخلاف ترقیاتی منصوبوں میں بڑے پیمانے پر کرپشن کی تحقیقات کررہا ہے۔ سابق وزیراعلٰی پنجاب کی گرفتاری سیکرٹری سہیل اصغر اعوان، سی اینڈ ڈبلیو کے 2 ایس ڈی اوز اور سب انجینئر کی گرفتاری کے بعد شواہد موصول ہونے پر عمل میں لائی گئی۔ نیب لاہور کی ٹیم دیگر ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مار رہی ہے،ٹھیکوں کی تفصیلات کے مطابق ملزمان نے من پسند ٹھیکیداروں کو نوازنے کیلئے گجرات اور منڈی بہائوالدین میں کل 226 ٹھیکے منظور کروائے، جبکہ وزیراعلیٰ آفس سے وزارت مواصلات کو 184 سمریوں کی منظوری کیلئے ڈائریکٹ احکامات بھی جاری کرواے گئے، نیب لاہور کی جانب سے محکمہ مواصلات اور دیگر اعلی حکام کیخلاف تحقیقات کیلئے اعلی سطح تحقیقاتی ٹیم کام کر رہی ہے۔