ایبٹ آباد پولیس نے حسان نیازی کو کوئٹہ پولیس کے حوالے کر دیا

حسان نیازی جناح ہاؤس حملہ کیس میں پولیس کو مطلوب ، ملزم کو لاہور لانے کے لیے محکمہ داخلہ بلوچستان کو درخواست دے دی گئی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ایبٹ آباد پولیس نے حسان نیازی کو کوئٹہ پولیس کے حوالے کر دیا۔ملزم کو لاہور لانے کے لیے محکمہ داخلہ بلوچستان کو درخواست دے دی گئی ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم حسان نیازی جناح ہاس کیس میں پولیس کو مطلوب ہے۔گذشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حسان خان نیازی کو گرفتار کیا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق حسان نیازی کو ایبٹ آباد سے گرفتار کیا گیا تھا، ان پر 9 مئی کو جناح ہاؤس حملے میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔
پی ٹی آئی وکیل علی اعجاز بٹرنے حسان خان نیازی کی گرفتاری کی تصدیق کی۔ لاہور کی انسداد دہشت گردی کی جانب سے خصوصی عدالت نے جناح ہائوس حملہ کیس میں حسان نیازی کو اشتہاری بھی قرار دیا جا چکا ہے۔عدالت نے جناح ہائوس حملہ کیس میں تفتیشی افسر کی جانب سے 22رہنماؤں کے خلاف اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرنے کی درخواست منظور کی تھی۔
عدالت نے تحریری فیصلہ میں لکھا کہ جناح ہائوس حملہ کیس میں حماد اظہر،فرخ حبیب،اعظم خان سواتی، اسلم اقبال ،علی امین گنڈا پور ،مراد سعید ،عندلیب عباس،زبیر نیازی حسان نیازی ،واثق قیوم عباسی ، عظمی خان ،علیمہ خان ، احمد خان نیازی ،خالد گجر ،کرامت علی کھوکھر ، غلام عباس ، حافظ فرحت عباس ،شفاقت سندھو علی حسن ، سعید احمد سندھ، اسد زمان اور امتیاز احمد شیخ کھوکھر کے خلاف اشتہاری کی کارروائی کا آغاز کردیا گیا۔
عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ جناح ہائوس حملہ کیس میں تمام ملزمان کو ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے، تعمیل کنندہ کے مطابق ملزمان روپوش ہیں اور وارنٹ گرفتاری موصول نہیں کر رہے۔فیصلے میں عدالت نے مزید کہا کہ تمام ملزمان کے خلاف اشتہاری کی کارروائی کا آغاز کیا جاتا ہے۔