سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج مقبول باقر سندھ کے نگران وزیر اعلٰی کیلئے نامزد کر دیے گئے

وزیر اعلٰی سندھ مراد علی شاہ اور اپوزیشن لیڈر رعنا انصار نے صوبے کے نگران وزیر اعلٰی کے نام پر اتفاق کر لیا

کراچی (نیوز ڈیسک) سندھ کے نگران وزیر اعلٰی کے نام پر پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان اتفاق ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج سندھ کے نگران وزیر اعلٰی کیلئے نامزد کر دیے گئے ہیں۔ اس حوالے سے ہم نیوز کی رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج مقبول باقر سندھ کے نگران وزیر اعلٰی کیلئے نامزد کر دیے گئے ہیں۔
جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر کا نام وزیر اعلٰی سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے تجویز کیا گیا، جس پر سندھ اسمبلی کی اپوزیشن لیڈر اپنی جماعت کی قیادت سے مشاورت کی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نگران وزیر اعلیٰ سندھ کے لیے اپوزیشن لیڈر اور وزیر اعلیٰ کے پاس مشاورت کا آج آخری دن ہے، اس سلسلہ میں بیک ڈور رابطوں کے ذریعے کوشش کی جا رہی تھی کہ اتفاق رائے سے نام طے کر لیا جائے۔
فریقین کوشاں تھے کہ نگران وزیر اعلیٰ کے انتخاب کا معاملہ پارلیمانی کمیٹی الیکشن کمیشن کو نہ جائے۔ آج رات 12 بجے تک نام پر اتفاق نہ کیے جانے کی صورت میں یہ معاملہ پارلیمانی کمیٹی میں چلا جاتا۔ تاہم پیر کی شام کو اپوزیشن لیڈر اور وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کی ملاقات کے دوران نگران وزیر اعلٰی کیلئے جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر کا نام تجویز کیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ رعنا انصار نے قیادت سے مشاورت کے بعد وزیر اعلٰی سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے تجویز کردہ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر کا نام قبول کر لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر کل بروز منگل کو نگران وزیر اعلٰی سندھ کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر صوبہ سندھ کے 8 ویں نگران وزیر اعلٰی ہوں گے۔ ان کے حلف اٹھاتے ہی مراد علی شاہ کی وزارت اعلٰی کا دور اختتام پذیر ہو جائے گا۔