سابق وزیراعظم شہبازشریف وزیراعظم ہاؤس سے رخصت ہوگئے

سابق وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا؛ میں بالکل مطمئن محسوس کر رہا ہوں، سبکدوش وزیراعظم کا صحافی کے سوال کا جواب

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) سابق وزیراعظم شہبازشریف وزیراعظم ہاؤس سے رخصت ہوگئے۔ سابق وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا ۔پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے وزیراعظم شہباز شریف کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔سبکدوش وزیراعظم شہباز شریف ایوانِ صدر سے رخصت ہو گئے۔نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے شہباز شریف کو رخصت کیا۔
صحافی نے سبکدوش وزیراعظم سے سوال کیا کہ آپ کیسا محسوس کر رہے ہیں؟ جس کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں بالکل مطمئن ہوں۔شہباز شریف نے گذشتہ سال اپریل میں وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا جب چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کو بطور وزیراعظم عدم اعتماد کے ووٹ کے ذریعے 13 جماعتوں نے وزارت عظمیٰ کے عہدے سے ہٹایا تھا۔دوسری جانب نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ عہدے کا حلف اٹھا چکے ہیں۔
بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما انوار الحق کاکڑ کو نگران وزیراعظم بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کی سمری پر صدر مملکت نے بھی دستخط کردیے تھے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کے درمیان وزیراعظم ہاؤس میں نگران وزیراعظم کے حوالے سے مشاورت کا دوسرا دور ہوا جس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف لاہور روانہ ہوگئے تھے۔ انوار الحق کاکڑ کو وزیر اعظم کا پروٹوکول دے دیا گیا۔
نگران وزیراعظم کا فیصلہ ہفتے کو ہوا تھا جس کیلئے قائد حزب اختلاف راجا ریاض نے انوار الحق کاکڑ کا نام دیا تھا جس پر شہباز شریف نے اتفاق کیا بعد ازاں صدر عارف علوی نے تعیناتی کی منظوری دے دی تھی۔ آج انوار الحق کاکڑ نے بطور نگران وزیراعظم عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔نگران وزیراعظم کی تقریب حلف برداری ایوانِ صدر میں منعقد ہوئی جس میں اہم سیاسی شخصیات اور افسران نے شرکت کی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انوار الحق کاکڑ سے حلف لیا۔