قوم ان ظالموں کا کڑا محاسبہ کرنے کیلئے تیار ہے، چھ فیصد کی شرح سے ترقی کرتی معیشت کا گلا گھونٹا گیا، جمہور کو بھیڑ بکریوں کیطرح ہانکنے والے حساب دیں گے، ترجمان پی ٹی آئی کا ردعمل
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ سازش کے بطن سے جنم لینے والی سرکار جھوٹ پر اختتام پذیر ہورہی ہے، قوم ان ظالموں کا کڑا محاسبہ کرنے کیلئے تیار ہے، چھ فیصد کی شرح سے ترقی کرتی معیشت کا گلا گھونٹا گیا، جمہور کو بھیڑ بکریوں کیطرح ہانکنے والے حساب دیں گے۔ ترجمان پی ٹی آئی نے کٹھ پتلی وزیراعظم کے قومی اسمبلی سے الوداعی خطاب پر اپنے ردِعمل میں کہا کہ سازش کے بطن سے جنم لیکر ملک پر مسلّط ہونے والی سرکار جھوٹ پر اختتام پذیر ہورہی ہے، کٹھ پتلی وزیراعظم کا بے مغز خطاب شرمندگی، ندامت اور مجرمانہ ناکامیوں کا مرثیہ ہے، ایک نحوست کی مانند ملک پر مسلط کیا جانے والا بےچہرہ بندوبست اپنے پیچھے تباہی و بربادی کی سیاہ تاریخ چھوڑ کر رخصت ہورہا ہے، مجرموں کی اس امپورٹڈ سرکار کے ہاتھ آئین و جمہوریت کے بہیمانہ خون سے لتھڑے ہوئے ہیں، اس کٹھ پتلی راج کا اعمال نامہ بدترین سیاسی انتقام، لاقانونیت کے فروغ اور شہریوں کے بنیادی حقوق سلب کرنے سے سیاہ ہے، پاکستان کی سب سے بڑی جماعت کے سربراہ اور عوام کے حقیق قائد کیخلاف مظالم کی وحشیانہ داستان رقم کی گئی، قاتلانہ حملے سے لیکر ان کی جماعت کو ریاستی جبر سے کچلنے اور تکنیکی بنیادوں پر سیاست سے بے دخل کرنے تک ہر غیراخلاقی و غیرقانونی حربہ آزمایہ گیا، چھ فیصد کی شرح سے ترقی کرتی معیشت کا گلا گھونٹ کر عوام کے بےرحمانہ معاشی قتل کا جرم اس سرکار کی پیشانی پر کندہ ہے۔
مجرموں کے ہاتھوں شہریوں پر عرصۂ حیات تنگ کئے جانے پر 12 لاکھ پاکستانی ملک چھوڑنے پر مجبور ہوئے، نالائقوں کی ناکام ترین پالیسیوں کے باعث 60 لاکھ سے زائد پاکستانیوں کو غربت نگل گئی، سیاست کے لبادے میں 16 ماہ تک حکمران رہنے والے مجرموں نے سپریم کورٹ کی حکم عدولی، پنجاب و پختونخوا کے عوام کو ووٹ کے حق سے محروم کیا، سازش سے عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے والوں نے کشمیر اور گلگت میں بھی عوامی مینڈیٹ پر شرمناک نقب لگائی، ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں سمیت جیل میں قید دس ہزار سے زائد بے گناہ سیاسی قیدی کٹھ پتلی راج کی سفاکیّت کی حقیقت بیان کررہے ہیں، ارشد شریف کا ناحق خون، عمران ریاض کی جبری گمشدگی اور صحافت و اہلِ صحافت کے خلاف بدترین انتقامی کارروائیاں اس مکروہ بندوبست کے اعمال نامے کا حصہ ہیں، کٹھ پتلیوں کے تیرہ جماعتی اتحادی بندوبست نے سپریم کورٹ کو تقسیم، نظامِ عدل کو مذاق، پولیس، ریاستی ایجنسیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بدترین غنڈہ گردی پر لگایا، نیب، الیکشن کمیشن، ایف آئی اے اور پیمرا سمیت اہم ریاستی و حکومتی اداروں کو جبر، انتقام اور فسطائیت کے فروغ کے کام میں جھونک دیا گیا، قوم ان ظالموں کا کڑا محاسبہ کرنے کو پوری طرح تیار ہے، سیاست کو مٹھی میں قید کرنے اور جمہور کو بھیڑ بکریوں کیطرح ہانکنے کے خواب دیکھنے والے اپنے اعمال کا حساب دیں گے، تحریک انصاف قوم کے ساتھ مل کر مجرم راج کے انجام پر سجدۂ شکر ادا کرے گی اور ایسی نحوستوں سے ملک و ملت کے تحفظ کیلئے رب العزّت کے حضور دستِ دعا بلند کرے گی۔