لیگی قیادت کو جیل میں ملنے والی سہولیات پی ٹی آئی قائدین اور کارکنوں کو دی جائیں تو بہت سے لوگ اپنی گرفتاریاں دے دیں گے،رہنما تحریک انصاف
لاہور (نیوز ڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے بڑا دعویٰ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے ٹویٹر پر اپنے بیان جاری کیا ہے،انہوں نے کہا میں دعوے سے کہتا ہوں کہ جو سہولیات نوازشریف اور مریم نواز کو جیل میں دی گئی تھیں،اگر وہ سہولیات تحریک انصاف کے قائدین،کارکنوں کو دی جائیں اور تشدد کا نشانہ نہ بنایا جائے تو بہت سے لوگ رضا کارانہ طور پر اپنی گرفتاریاں دے دیں گے۔
انکا کہنا تھا گرفتاریاں دینے والوں میں وہ لوگ بھی شامل ہوں گے جن پر کوئی مقدمہ درج نہیں۔
میں دعوے سے کہتا ہوں کے جو صحولیات نوازشریف اور مریم نواز کو جیل میں دی گئیں تھیں اگر وہ تحریک انصاف کے قائدین اور کارکنوں کو دی جائیں اور تشدد نا کیا جائے تو بہت سے لوگ رضاکارانہ طور پر اپنی گرفتاریاں دے دیں گے۔۔سمیت ان لوگوں کے جن پر کوئی مقدمہ درج بھی نہیں!
— Hammad Azhar (@Hammad_Azhar) August 8, 2023
یاد رہے کہ وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان کو جن حالات میں جیل میں رکھا گیا نامناسب ہے،سیاسی شخصیات پہلے بھی جیلوں میں جاتی رہیں لیکن انہیں سہولیات دی گئیں۔
بغیر صفائی تنگ سیل ہے،ٹائلٹ کی سہولت بھی اسی جگہ ہے،یہ سہولیات بی کلاس نہیں سی کلاس کے قیدی کیلئے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ عمران خان سے ملاقات کرانے میں تاخیر کیوں گئی؟ہو سکتا اس میں حکمت عملی ہو کہ ہم نے جو ہمایوں دلاور کے فیصلے کے خلاف پٹیشن دائر کرنی ہے اس میں تاخیر کی جائے۔ میں بتانا چاہتا ہوں کہ سرکاری وزراء کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو سب سہولتیں فراہم کی گئی ہیں،کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ لیکن ہمیں تشویش تھی۔اب نعیم پنجوتھا خود مل کر آئے ہیں۔
وائس چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ وزراء کی باتیں بالکل درست نہیں ہیں،بی کلاس میں ایک اٹیچ واش روم ہوتا ہے۔ میں نے اٹک جیل میں کچھ دن گزارے ہیں،اس کو قصوری جیل کہتے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ وہ بہت پرانی جیل ہے،اس کی ایک تاریخ ہے۔ جن قیدیوں کو تکلیف دینی ہوتی تھی ان قیدیوں کو وہاں پہنچایا جاتا تھا،جیل سے دو دو کلومیٹر دور ایک نو گو ایریا بن گیا ہے۔