نگران وزیراعظم کیلئے قومی اتفاقِ رائے سے فیصلہ کیا جائے گا،اتفاق رائے سے کسی کو بھی نگران وزیراعظم نامزد کیا جا سکتا ہے،وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) احسن اقبال کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کل اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری صدر مملکت کو بھیجیں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف 24 گھنٹے میں قومی اسمبلی کی تحلیل کی ایڈوائس صدر مملکت عارف علوی کو بھجوائیں گے۔ ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف کل قومی اسمبلی کے الوداعی اجلاس سے خطاب کریں گے،جبکہ کل شام ارکان اسمبلی کا الوداعی فوٹو سیشن بھی ہو گا۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے نجی چینل سے گفتگو میں تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کل اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری صدر مملکت عارف علوی کو بھجوائیں گے،کل ورکنگ آورز کے اختتام پر وزیراعظم سمری صدر مملکت کو بھیجیں گے۔
احسن اقبال نے کہا کہ نگران وزیراعظم کے حوالے سے مشاورت کا عمل جاری ہے۔ نگران وزیراعظم کیلئے قومی اتفاق رائے سے فیصلہ کیا جائے گا،اتفاق رائے سے کسی کو بھی نگران وزیراعظم نامزد کیا جا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ نگران وزیراعظم کی تقرری کے سلسلے میں وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان ملاقات طے پا گئی ہے۔ اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کی مصروفیات کے باعث آج وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات نہیں ہو گی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات کل ہو گی،ملاقات میں نگران وزیراعظم کے نام پر حتمی مشاورت کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف اور راجہ ریاض کی جانب سے نگران وزیراعظم کیلئے 3،3 نام دئیے جائیں گے،دونوں رہنماؤں میں اتفاق رائے ہونے پر ملاقات کے بعد نگران وزیراعظم کے نام کا اعلان کیا جائے گا۔
جبکہ آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمٰن سمیت دیگر اتحادی نگران سیٹ اپ کی تشکیل کے سلسلے میں اسلام آباد میں موجود ہیں،اتحادیوں میں نگران حکومت کی تشکیل اور وزارتوں کی تقسیم کا فارمولا طے پا گیا ہے۔