توشہ خانہ تحائف اثاثوں میں ظاہر نہ کرنے والے اراکین اسمبلی کیخلاف درخواست دائر

عمران خان کو 3 سال قید کی سزا ہوئی،الیکشن کمیشن آصف زرداری،شاہد خاقان عباسی اور یوسف رضا گیلانی کیخلاف کارروائی نہیں کر رہا،لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں مؤقف

لاہور (نیوز ڈیسک) توشہ خانہ تحائف سے متعلق ایک بار پھر عدالت سے رجوع کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں توشہ خانہ تحائف اثاثوں میں ظاہر نہ کرنے والے اراکین اسمبلی کیخلاف درخواست دائر کر دی گئی،درخواست میں وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ الیکشن کمیشن کی درخواست پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو 3 سال قید کی سزا ہوئی،الیکشن کمیشن انصاف کے تقاضے پورے نہیں کر رہا۔
درخواست میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن نے تحائف ظاہر نہ کرانے والے اراکین کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔ آصف زرداری،نواز شریف،شاہد خاقان عباسی اور یوسف رضا گیلانی نے توشہ خانہ تحائف ظاہر نہیں کئے تھے،الیکشن کمیشن ان اراکین اسمبلی کیخلاف کارروائی نہیں کر رہا۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت تحائف ظاہر نہ کرنے والے اراکین کیخلاف الیکشن کمیشن کو کارروائی کا حکم دے۔

یاد رہے کہ تحائف اثاثوں میں ظاہر نہ کرنے پر عمران خان کیخلاف سزا کے عدالتی فیصلے کے بعد حکومتی رہنماؤں کیلئے بھی خطرے کی گھنٹی بج گئی ہے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف سمیت کئی حکمران اتحاد کے رہنماؤں کے توشہ خانہ تحائف ظاہر نہ کرنے کا انکشاف ہوا۔ جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے اینکر شہزاد اقبال نے انکشاف کیا کہ اسلام آباد کی سیشن عدالت کے فیصلے کے بعد ایسا معیار طے کیا گیا ہے جس پر کئی سیاستدان مشکل میں پھنس سکتے ہیں۔ شہزاد اقبال کے مطابق ایسے کئی رہنما ہیں جنہوں نے توشہ خانہ سے ملنے والے تحائف اپنے اثاثوں میں ظاہر نہیں کیے۔ ان میں سابق وزیراعظم نواز شریف، وزیر دفاع خواجہ آصف اور شاہد خاقان عباسی کے نام نمایاں ہیں۔