عمران خان کو لندن پلان کے تحت سزا اور نااہل کرنے کیخلاف اپنا پرامن احتجاج جاری رکھیں گے۔ مرکزی رہنماء پی ٹی آئی فرخ حبیب
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء فرخ حبیب نے کہا ہے کہ انصاف کے تقاضوں کا قتل کرکے عمران خان کو سزا سنائی گئی، عمران خان کی سزا اور نااہلی کیخلاف اپنا پرامن احتجاج جاری رکھیں گے۔ انہوں نے ٹویٹر پر توشہ خانہ کیس میں عمران خان کو سزا اور گرفتاری پر اپنے ردعمل میں کہا کہ انصاف کے تمام تقاضوں کا قتل عام کرکے عمران خان کو 3 سال کی سزا سنانے کیخلاف فیصل آباد کے مختلف مقامات پر عوام پرامن احتجاج ریکارڈ کروا رہے ہے، پاکستان کی عوام ملک میں جنگل کے قانون کو تسلیم نہیں کرتی اور عمران خان کو لندن پلان کے تحت سزا اور نااہل کرنے کیخلاف اپنا پرامن احتجاج جاری رکھے گی۔
اسی طرح وکیل شعیب شاہین اپنے پی ٹی آئی وکلاء کے ہمراہ پریس کانفرنس کر رہے تھے۔
شعیب شاہین نے کہا کہ فیصلے پر دستخط سے پہلے ہی پولیس نے چیئرمین پی ٹی آئی کو گرفتار کرلیا، زبانی حکم پر کبھی گرفتاری نہیں ہوتی، خواجہ حارث کے منشی کو صبح نامعلوم افراد نے ہائیکورٹ کے اندر سے اٹھا لیا، ابھی فیصلہ آناہے ، لیکن کیا یہ قانون کی بالادستی ہے، مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی اور جے یوآئی ان لوگوں نے آئین کو دفن کردیا، پی ٹی آئی کو کرش کا جارہا ہے، چادر چاردیواری کی پامالی کی جارہی ہے، جب ہمارے گواہان نہیں آنے دیئے گئے تو کیسے کہاگیا کہ شواہد پیش نہیں کئے؟ہمیں آئین فیئر ٹرائل کا حق دیتا ہے، لیکن ہمیں مقدمے میں فیئر چانس نہیں ملا، ہمارے وکیل نے کہا کہ گواہ لانے کیلئے دو دن دے دیں، لیکن وقت نہیں دیا گیا۔
جج ہمایوں دلاور ہمارے وکیل کو ساڑھے 12بجے کہتے ہیں کہ ڈیڑھ بجے اپنے گواہان کو پیش کریں، انہوں نے کہا کہ وہ نہیں آسکتے وہ کراچی میں ہیں۔لیکن وقت نہیں دیا گیا۔ وکیل شعیب شاہین نے الزام عائد کیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کی ہدایات تھیں کہ کوئی جج فیس بک، انسٹا گرام یا سوشل میڈیا استعمال نہیں کرے گا، لیکن آج وہ 2023تک استعمال کررہے تھے، اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر عمران خان کے خلاف پوسٹیں لگائی ہوئی تھیں۔ کیا ایف آئی اے کے پاس کوئی میکنزم نہیں کہ جج ہمایوں دلاور کی پوسٹوں سے متعلق معلوم کرسکے؟