اگر ہمارے پاس اپنا تیل اور گیس ہوتے تو عوام کو سستا فراہم کرتے

15ماہ میں پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، ہمیں پاکستان کو معاشی ترقی کیلئے آگے لے کرجانا ہے،وزیراعظم شہبازشریف

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ اگر ہمارے پاس اپنا تیل اور گیس ہوتے تو عوام کو سستا فراہم کرتے، 15ماہ میں پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، ہمیں پاکستان کو معاشی ترقی کیلئے آگے لے کرجانا ہے۔ انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہر 15دن بعد پیٹرول کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان کرتی ہے، اگر ہمارے پاس اپنا تیل اور گیس ہوتے تو عوام سستا فراہم کرتے، 15ماہ میں پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، سیاسی تقریرکرنے یا الزام تراشی کرنے نہیں آیا، ہمیں پاکستان کو معاشی ترقی کیلئے آگے لے کرجانا ہے، پاکستان کو معاشی چیلنجز کا سامنا ہے، 15ماہ سے کوشش کی کہ پاکستان کو مشکلات سے نکالا جائے۔
وزیراعظم نے نیشنل ایرو سپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا انفارمیشن ٹیکنالوجی میں بہت آگے بڑھ چکی ہے، عالمی سطح پر مقابلہ کرنے کے لیے آئی ٹی کے شعبے میں انقلابی اقدامات کی ضرورت ہے، نیشنل ایرو سپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک منصوبہ ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا، منصوبہ ایوی ایشن، سپیس اور سائبر کے میدانوں میں کامیابیاں سمیٹنے میں مددگار ثابت ہو گا، ٹیکنالوجی پارک سے مستقبل کے اہداف کے حصول میں مدد ملے گی، آنے والا دور انفارمیشن ٹیکنالوجی اور آرٹیفشل انٹیلی جنس کا ہے، پاکستان کو آرٹیفشل انٹیلی جنس کے میدان میں آگے بڑھنا ہے۔
مزید برآں وفاقی حکومت کی تمام جماعتوں نے اسمبلیوں کی تحلیل 9 مئی کو کرنے پر اتفاق کرلیا ہے، وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت ویڈیو لنک پر اتحادی جماعتوں کا اجلاس ہوا، اجلاس میں 3نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔اجلاس میں نگران حکومت کے قیام ، نئی مردم شماری اور اسمبلیوں کی تحلیل کے معاملے پر مشاورت کی گئی۔اجلاس میں تمام حکومتی جماعتوں نے اسمبلیوں کی تحلیل 9 مئی کو کرنے پر اتفاق کیا۔
پی ڈی ایم اور اتحادی جماعتوں نے اتفاق کیا کہ الیکشن وقت پر ہونے چاہئیں، مردم شماری کے معاملے پر سی سی ای جو فیصلہ دے گی وہ قبول ہوگا، ایم کیوایم نے نگران وزیراعظم کے نام پر مشاورت کیلئے مزید وقت مانگا، وزیراعظم شہبازشریف نے نگران وزیراعظم کیلئے اتحادیوں کو آج رات تک حتمی تجاویز دینے کا وقت دے دیا، جو بھی نگران وزیراعظم سے متعلق تجاویز دینا چاہتا ہے وہ آج رات تک رابطہ کرسکتا ہے۔ وزیراعظم نے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلا س بھی طلب کرلیا ہے۔