نواز شریف کی طلال چوہدری کو 5 سالہ نا اہلی کی سزا ختم ہونے پر مبارکباد

میں نے اور میرے ساتھیوں نے ہر طرح کے ظلم کو صبر سے برداشت کیا،ن لیگ کودوبارہ موقع ملا تو 2017 سے بھی بہتر پاکستان بنائیں گے،قائد مسلم لیگ ن

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) نواز شریف کا کہنا ہے کہ میں نے اور میرے ساتھیوں نے ہر طرح کے ظلم کو صبر سے برداشت کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے طلال چوہدری کو 5 سالہ نا اہلی کی سزا ختم ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ سابق وزیراعظم نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ طلال چوہدری کو سزا ثابت قدمی سے کاٹنے پر مبارک باد دیتا ہوں۔
ہم نے جھوٹے مقدمات،سزاؤں اور نا اہلیوں سمیت ہر طرح کے ظلم کو صبر سے برداشت کر لیا مگر نا انصافی پر مبنی فیصلوں کی سزا پاکستان نے بھگتی۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ 2017 کے پھلتے پھولتے پاکستان کو جبر اور نا انصافی کے ان فیصلوں نے 2022 تک اس نہج تک پہنچا دیا کہ غریب عوام دو وقت کی روٹی کو ترس گئے۔ مسلم لیگ ن کے قائد نے مزید کہا کہ اگر اللہ تعالٰی نے مسلم لیگ ن کو دوبارہ موقع دیا تو 2017 سے بھی بہتر پاکستان بنائیں گے۔


دوسری جانب 5 سال کیلئے نااہلی کی مدت ختم ہونے پر مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے دھواں دھار پریس کانفرنس کی اور کہا کہ نواز شریف کا ساتھ دینے پر مجھے سزا دی گئی،ججز نے نواز شریف سے وفاداری کا سرٹیفکیٹ جاری کیا۔ میرے پانچ سال نہیں لوٹ سکتے،بھٹو زندہ نہیں ہو سکتا۔ہمارے گریبان پر ہاتھ ڈالنے والے اپنے گریبان میں جھانکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کو چن چن کر سزائیں دی گئیں،سابق چیف جسٹس ثاقب نثار گلی اور محلے میں اکیلے نہیں نکل سکتے۔ طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ جو میرے ساتھ رویہ رکھا گیا وہ میں بھول نہیں سکتا،مجھ سے نواز شریف اور مریم نواز کیخلاف بیان لینے کی کوشش کی گئی،عدلیہ کے بارے میں کلمات کس نے ادا نہیں کئے۔