ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچانے والوں سے حساب عوام آئندہ عام انتخابات میں لیں گے

بجلی کے نرخ مزید بڑھا دئیے گئے،عوم بھولیں گے اور نہ مؤرخ اس بدترین دور کو بھولے گا،وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک) شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ عوام ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچانے والوں سے حساب آئندہ عام انتخابات میں لیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ موجودہ حکمران ٹولہ “مہنگائی ” کا خاتمہ کرنے کے عزم سے عوام پر مسلط ہوا،تاہم گزشتہ 14 ماہ میں صرف اپنے کرپشن کیسز کا ہی خاتمہ کر سکا۔
عوام کی حالت یہ ہے کہ مہنگائی اور بیروزگاری نے انکی کمر توڑ دی ہے،آج بھی بجلی کے نرخ مزید بڑھا دئیے گئے ہیں،جبکہ کسان کیلئے ٹیوب ویل تک چلانا مشکل ہو گیا۔ سابق وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ ہرصنعت تقریباً بندش کے قریب ہے۔ترقی کرتے ہوتے ہوئے ملک کو صرف انا اور اقتتدار کی لالچ کیلئے تباہی کے دہانے ہر پہنچانے والوں سے حساب ان شاء اللہ عوام آئندہ عام انتخابات میں لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عوام بھولیں گے اور نہ ہی مؤرخ اس بد ترین دور کو بھولے گا۔


قبل ازیں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ستم ظریفی ہے ہم تاریخ سے سبق نہیں سیکھتے،پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کی لانچنگ زیر بحث ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کی لانچنگ کو پارٹی سپورٹ حاصل تھی۔ انکا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کو پارٹی قیادت کی مخالفت کا سامنا کرنا پڑے گا،بہت سے ارکان نے ویڈیو بیانات دے کر پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن لاہور میں ہونے والی بیٹھک نے دبئی فیصلوں پر مہر ثبت کر دی،سب جانتے ہیں اس ملاقات میں کیا تبادلہ خیال ہوا۔ اسمبلی کی تحلیل اور نگران وزیراعظم کیلئے دو بڑی سیاسی جماعتوں نے فیصلے کئے۔ شاہ محمود قریشی نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ واضح ہو گیا نگران سیٹ اپ کس نوعیت کا ہو گا،ملک کے مسبتقبل کا فیصلہ دو جماعتوں نے کرنا ہے یا عوام نہیں۔؟