نگران وزیراعظم کیلئے پیپلز پارٹی اپنا نام تجویز کرے گی: فیصل کریم کنڈی

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) پی پی رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا ہےکہ نگران وزیراعظم کے لیے پیپلز پارٹی اپنی طرف سے نام تجویز کرے گی۔

پی پی رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پارٹی کی لیڈر شپ اور کور کمیٹی نے نگران وزیراعظم کے نام سے متعلق فیصلہ کرنا ہے، (ن) لیگ کی طرف سے نگران وزیراعظم کے لیے جو بھی نام آئیں گے اس پر بات چیت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ابھی تک نگران وزیراعظم کے لیے کوئی نام فائنل نہیں کیا، نگران وزیراعظم کے لیے ناموں پربات چیت ہورہی ہے، حتمی لسٹ جلد سامنے آجائے گی، دو چار روز میں پیپلز پارٹی نگران وزیراعظم کے لیے نام تجویز کر لے گی۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ حلقہ بندیوں پر ایم کیو ایم نے اعتراضات کیے ہیں، الیکشن ملتوی نہیں ہونے چاہئیں، ہماری خواہش ہے کہ اکتوبر میں الیکشن ہوں، الیکشن میں 4 سے 6 ماہ کی تاخیر ملک کے لیے متحمل نہیں، ہماری خواہش ہے کہ الیکشن کوئی بھی جیتے یا ہارے فری اینڈ فیئر سمجھے۔

پی پی رہنما نے مزید کہا کہ آصف زرداری اور نوازشریف کی دبئی میں کوئی میٹنگ نہیں ہوئی، آصف زرداری اس وقت دبئی سے باہر ہیں، ان کی نوازشریف سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔