چوہدری پرویز الٰہی کو کیمپ جیل سے اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا

سابق وزیراعلٰی پنجاب تھری ایم پی او کے تحت جیل میں نظر بند ہیں

راولپنڈی (نیوز ڈیسک) سابق وزیراعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس میں جیل ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پرویز الٰہی کو کیمپ جیل لاہور سے اڈیالہ جیل راولپنڈی منتقل کیا گیا،سابق وزیراعلٰی پنجاب کو کیمپ جیل سے رات 1 بجے لے جایا گیا اور وہ صبح 6 بجے اڈیالہ جیل پہنچے۔
پرویز الٰہی ایم پی او قوانین کے تحت جیل میں نظر بند ہیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل صدر تحریک انصاف اور سابق وزیراعلٰی پنجاب پرویز الٰہی کو تھری ایم پی او کے تحت ایک ماہ کیلئے کیمپ جیل میں نظر بند کیا گیا،ڈپٹی کمشنر لاہور کی جانب سے نظر بندی کا نوٹیفیکشن بھی جاری کیا گیا۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ چوہدری پرویز الٰہی کیخلاف تین مقدمات درج ہیں،تھانہ قلعہ گجر سنگھ میں 2 اور تھانہ غالب مارکیٹ میں ایک مقدمہ درج ہے،سابق وزیراعلٰی پی ٹی آئی کے سر کردہ رہنما ہیں اس لیے نقصِ امن کا خدشہ ہو سکتا ہے۔
پولیس نے ضلعی انتظامیہ کو تھری ایم پی او کے تحت پرویز الٰہی کو نظر بند کرنے کی سفارش کی تھی۔ یہاں یہ بھی واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے پرویز الٰہی کی نظربندی کے خلاف پنجاب حکومت کو درخواست گزار کا مؤقف سن کر قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔ جسٹس علی باقر نجفی نے پرویز الٰہی کی نظر بندی کے احکامات کیخلاف دائر درخواست پر سماعت کی،عدالت نے پرویز الٰہی کے وکلاء کو متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔ دوران سماعت عدالت نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ الزامات کے علاوہ نظر بند رکھنے کیلئے آپکے پاس شواہد بھی موجود ہونے چاہئیں۔عدالت نے پرویز الہی کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا آپ نے ڈپٹی کمشنر کو درخواست دی ہے۔