محرم الحرام کا چاند نظر نہیں آیا، یوم عاشور 29 جولائی کو ہو گا

کوئٹہ: (نیوز ڈیسک) ماہ محرم الحرام 1445 ہجری کا چاند نظر نہیں آیا، یکم محرم الحرام 20 جولائی جبکہ یوم عاشور 29 جولائی بروز ہفتے کو ہو گا۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس چیئرمین مولانا سید عبد الخبیر آزاد کی زیر صدارت کوئٹہ میں ہوا، رویت ہلال کمیٹی اور زونل رویت ہلال کمیٹی کوئٹہ کے ممبران، وزارت مذہبی امور، محکمہ سپارکو، محکمہ موسمیات اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے تعلق رکھنے والے نمائندگان نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ کہیں سے چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی، ماہ محرم الحرام 1445 ہجری کا چاند نظر نہیں آیا، یکم محرم الحرام 20 جولائی بروز جمعرات جبکہ یوم عاشور 29 جولائی بروز ہفتے کو ہو گا۔

چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے مزید کہا ہے کہ ہمیں بھائی چارے کو اس ماہ میں فروغ دینا چاہیے، پاکستان ہم سب کا ہے اس کو مضبوط بنائیں اور مل کر وحدت کو عام کریں۔

علاوہ ازیں پورے ملک میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس متعلقہ ہیڈکوارٹرز اسلام آباد، لاہور، کراچی اور پشاور میں بھی منعقد ہوئے، کراچی میں رات 8 بج کر 10 منٹ کا وقت چاند نظر آنے کیلئے مقرر تھا لیکن اس دوران چاند نظر نہیں آیا۔