پی ٹی آئی نے معیشت کو تباہ کیا اور مخالفین کو جیلوں میں ڈالا،مریم اورنگزیب

ہم معاشی استحکام والا پاکستان دے کر جا رہے ہیں،آئین کے مطابق عام انتخابات نگران حکومت میں ہوں گے،وفاقی وزیر اطلاعات کی پریس کانفرنس

اسلام آباد () مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے 4 سال میں معیشت کو تباہ کیا اور مخالفین کو جیلوں میں ڈالا۔ہم معاشی استحکام والا پاکستان دے کر جا رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے چیئرمین تحریک انصاف کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے اپنے دورِ حکومت کے آخری دنوں میں سیاست بچانے کیلئے پیٹرول سستا کیا،عمران خان نے دوست ممالک کو ناراض اور خارجہ پالیسی کو تباہ کیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی حکومت کی مدت 44 ماہ تھی،جبکہ موجودہ حکومت کی مدت 14 ماہ بنتی ہے۔ 44 ماہ میں نالائقی،نا اہلی اور مہنگائی کے ریکارڈ بنائے گئے،ہمیں حکومت ملی تو معیشت،روزگار تباہ اور کارخانے بند تھے۔
وفاقی کا کہنا تھا کہ ہم نے اقتدار سنبھالا تو ملک ڈیفالٹ کے قریب تھا لیکن جب ہم نے 2018 میں حکومت چھوڑی تو 6 اعشاریہ 2 فیصد کی ترقی تھی۔

پی ٹی آئی کی جانب سے 4 سال تباہی کے بعد آئی ایم ایف کا معاہدہ توڑنا تابوت میں آخری کیل ثابت ہوا،گزشتہ سال مارچ 2022ء میں پی ٹی آئی حکومت آئی ایم ایف سے کیا ہوا معاہدہ توڑ کر گئی تھی۔ مریم اورنگزیب نے نگران سیٹ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ عام انتخابات آئین کے مطابق نگران سیٹ اپ میں ہوں گے،نگراں سیٹ اپ تک اتحادی حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی سری لنکا کی مثال دیتے تھے،پی ٹی آئی کے پہلے 14 مہینوں میں گیس،آٹا اور چینی ملک میں ختم ہو گئی تھی،گیس خریدنے کا تاریخی موقع تھا لیکن پی ٹی آئی کی نااہل حکومت کی وجہ سے وہ بھی ضائع ہو گیا،عمران خان نے روس کا دورہ کیا،کسی پریس ریلیز میں پیٹرولیم معاہدے کا ذکر نہیں تھا مگر موجودہ حکومت کی کاوش کی بدولت روس سے سستا تیل مل رہا ہے،جبکہ آذربائیجان سے سستی گیس کا معاہدہ بھی ہو گیا ہے۔ وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے خارجہ پالیسی کو تباہ کیا لیکن وزیراعظم شہباز شریف نے خارجہ پالیسی کو بحال کیا۔