ایڈیشنل سیشن جج محمد ہارون شاہ نے وائس چیئرمین تحریک انصاف کی درخواست مںظور کی
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) 9 مئی کے واقعات،شاہ محمود قریشی کی ضمانت منظور کر لی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی کیخلاف 9 مئی کے واقعات پر تھانہ کھنہ میں درج مقدمے سے متعلق سماعت ہوئی،ایڈیشنل سیشن جج محمد ہارون شاہ نے کیس کی سماعت کی۔ وائس چیئرمین تحریک انصاف اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے،وکیل علی بخاری نے کہا کہ ثبوت کے بغیر شاہ محمود قریشی کو مقدمے میں نامزد کیا گیا۔
عدالت نے شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔ قبل ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ نے نومئی واقعات سے متعلق مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور سابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی ضمانت منظور کی تھی۔
جسٹس طارق محمود جہانگیری نے شاہ محمود قریشی اور اسد عمر کی درخواست ضمانت پر سماعت کی،شاہ محمود قریشی کے وکیل علی بخاری اور اسد عمر کی طرف سے شیرافضل مروت پیش ہوئے۔
پراسیکیوٹر نے شاہ محمود،اسدعمر اور اسد قیصرکے کیسز آئندہ سماعت پر ایک ساتھ سننے کی استدعا کی۔ جسٹس طارق جہانگیری نے ریمارکس دئیے کہ وہ الگ مقدمہ ہےاسکی سماعت کا اس کیس سے کوئی تعلق نہیں۔ سرکاری وکیل نے اسد عمر اور شاہ محمود قریشی کی درخواستوں پر اعتراض کیا جس پر عدالت نے ریمارکس دئیے کہ درخواست گزار صرف اپنی حد تک ذمہ دار ہیں،شریک ملزمان سے ان کا کیا تعلق ہے۔اگر آپ کی شرائط لاگو کریں تو کوئی درخواست ضمانت دائر ہی نہیں کرسکے گا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے سرکاری وکیل سے مکالمہ کیا کہ آپ نے پہلے کہا عمران خان کی ایما پر دونوں نے احتجاج کی کال دی لیکن پھر کہا کہ ان دونوں نے بیان دیا،یہ الزام تو آپ نے لگایا ہی نہیں تھا۔