آرمی چیف کا کوئٹہ گیریژن کا دورہ ، ژوب حملے میں زخمی جوانوں کی عیادت کی

پاکستان میں دہشتگردی میں افغان شہریوں کی شمولیت پراظہارِتشویش، افغانستان میں کالعدم ٹی ٹی پی کے محفوظ ٹھکانے موجود ہیں،پاک فوج دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر

راولپنڈی (نیوزڈیسک) آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن اور ژوب دہشتگرد حملے میں زخمی جوانوں کی عیادت کی، مسلح افواج کا پاکستان میں دہشتگردی میں افغان شہریوں کی شمولیت پراظہار تشویش ، افغانستان میں کالعدم ٹی ٹی پی کے محفوظ ٹھکانے موجود ہیں، آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ملک میں دہشتگردی کو دوبارہ جڑ نہیں پکڑنے دیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیرنے سی ایم ایچ میں ژوب دہشتگرد حملے میں زخمی جوانوں کی عیادت کی۔آرمی چیف نے قوم کیلئے جوانوں کی خدمات اور عزم کو سراہا۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے شہداء کو بھرپور انداز میں خراج عقیدت پیش کیا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو حالیہ دہشتگرد حملوں پر بریفنگ دی گئی۔

مسلح افواج نے افغانستان سے ٹی ٹی پی کی دہشتگرد کاروائیوں پر اظہار تشویش کیا۔افغانستان میں کالعدم ٹی ٹی پی کے محفوظ ٹھکانے موجود ہیں۔ توقع ہے کہ افغان حکومت اپنی سرزمین کسی کیخلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔ افغان عبوری حکومت دوحہ معاہدے پر عملدرآمد یقینی بنائے۔ پاکستان میں دہشتگردی میں افغان شہریوں کی شمولیت پر تشویش ہے۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی کو دوبارہ جڑ نہیں پکڑنے دی جائے گی، مسلح افواج دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔
اس طرح کے حملے ناقابل برداشت ہیں، پاکستان سکیورٹی فورسز کی جانب سے مئوثر جوابی کاروائی دی جائے گی، ملک میں دہشتگردی کے خلاف آپریشن بلاامتیاز جاری رہے گا۔پاک فوج ملک میں دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔