انتخابی اصلاحات سے متعلق پی ٹی آئی کے تحفظات کو مل بیٹھ کر حل کر لیں گے،اعظم نذیر تارڑ

الیکشن اصلاحات پر 99 فیصد کام مکمل کر لیا گیا،سیاسی جماعتوں پر پابندی کے معاملے کو ایجنڈے سے نکال دیا گیا ہے،وفاقی وزیر قانون کی گفتگو

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہے کہ انتخابی اصلاحات سے متعلق پی ٹی آئی کے تحفظات کو مل بیٹھ کر حل کر لیں گے۔ تفصیلات کے مطابق انتخابی اصلاحات کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ڈھائی گھنٹے بعد ختم ہو گیا۔ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ سیاسی جماعتوں پر پابندی کے معاملے کو ایجنڈے سے نکال دیا گیا ہے،الیکشن اصلاحات پر 99 فیصد کام مکمل کر لیا گیا۔
جن نکات پر اتفاق نہیں تھا ان پر اتفاق رائے پیدا ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک دو معاملات پر پی ٹی آئی کی طرف سے تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ یہ معاملات اتنے حساس نہیں کہ اسے حل نہ کیا جا سکے،پی ٹی آئی کے تحفظات کو مل بیٹھ کر حل کر لیں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی انتخابی قوانین میں ترامیم کیلئے انتخابی اصلاحات پر قائم پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا۔

اجلاس میں الیکشن ایکٹ پر مزیر ترامیم کیلئے غور کیا گیا جبکہ 73 انتخابی تجاویز پیش کی گئیں۔ سیاسی جماعت پر پابندی کا اختیار وفاقی حکومت سے لیکر پارلیمنٹ کو دینے کی تجویز دے دی گئی۔ مجوزہ تجاویز میں کہا گیا پارلیمنٹ جائزہ لے کہ سیاسی جماعت پر پابندی لگنی چاہیے یا نہیں؟۔ فارن فنڈنگ ثابت ہونے پر پارلیمنٹ معاملے کا جائزہ لے گی،پارلیمنٹ سیاسی جماعت پر پابندی لگانے پر متفق ہو تو معاملہ سپریم کورٹ کو بھیجا جائے گا۔
پریزائیڈنگ افسر کو انتخابی نتیجہ مرتب کرنے کیلئے مخصوص وقت دینے کی تجویز بھی دی گئی۔ مجوزہ تجاویز میں کہا گیا کہ نتائج مرتب کرنے میں تاخیر پر پریزائیڈنگ افسر سے جواب طلبی کی جائے،پریزائیڈنگ افسر دستخط شدہ نتیجے کی تصویر ریٹرننگ افسر کو بھجوائے گا۔ پولنگ اسٹیشن کے ہر بوتھ پر سی سی ٹی وی کیمرہ لگانے کی بھی تجویز دی گئی۔