مفتاح اسماعیل نے جو کہا ٹھیک تھا، ڈار کی تاخیر کے سبب روپے کی قدر اس حد تک گری۔پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کی میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مفتاح اسماعیل نے جو کہا ٹھیک تھا، ڈار کی تاخیر کے سبب روپے کی قدر اس حد تک گری۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کے اسٹینڈ بائی معاہدے کی منظوری دے دی ہے، 3 قسطوں میں آئی ایم ایف سے رقم ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف نے جائزہ رپورٹ جاری کر دی ہے، اسٹینڈ بائی معاہدے میں انرجی ریفارمز کا ذکر کیا گیا ہے، آئی ایم ایف کی شرائط کے مطابق حکومت کو بجلی کے نرخ مزید بڑھانے پڑیں گے، شدید گرمی میں 12 سے 14 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کابینہ سے درخواست کر رہی ہے کہ 8 اگست کو اسمبلیاں تحلیل کر دیں، وزیر اعظم کہہ رہے ہیں کہ ان کی حکومت 14 اگست کو ختم ہو جائے گی۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کے مطابق دبئی میٹنگ پر انہیں اعتماد میں نہیں لیا گیا، ایمل ولی کہہ چکے گورنر غلام علی اپنی پارٹی کے لیے کے پی میں حالات سازگار بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے، میجر اسٹیک ہولڈر ہے، انتخابات میں لیول پلیئنگ فیلڈ بہت ضروری ہے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں کسی خاص ٹولے کی طرف جھکاؤ نہیں ہونا چاہیے، الیکشن کمیشن صاف اور شفاف انتخابات کروائے۔
دوسری جانب سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف معاہدے کا کریڈٹ شہباز شریف کو جاتا ہے ، شہباز شریف نے ہی آئی ایم ایف پروگرام کیلئے امریکا سے بات کی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مفتاح سماعیل نے مزید کہا کہ حکومتی کام کرنے کا طریقہ کار اتنا فرسودہ ہے کہ کوئی کام نہیں کرسکتے ، آئی ایم ایف پروگرام کی وجہ سے پاکستان ڈیفالٹ سے بچ گیا۔
آئی ایم ایف کے پروگرام میں 3 حکومتیں آئیں گی، موجودہ حکومت ، نگراں اور نئی حکومت پروگرام پر عمل کرے گی۔آئی ایم ایف پروگرام کے تحت گیس اور بجلی کی قیمتیں مزید بڑھنا ہوں گی۔اب غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہے ، غلطی کی تو خمیازہ بھگتنا پڑے گا، آئی ایم ایف کے ساتھ جو معاہدہ طے ہوا اس پر کاربند رہنا ہوگا۔ آئی ایم ایف پروگرام پر رہیں گے تو مستقبل میں مثبت نتائج آئیں گے۔