آپریشن کے دوران شہید ہونے والے سیکورٹی اہلکاروں کی تعداد 9 ہو گئی، اعلامیہ آئی ایس پی آر
ژوب (نیوز ڈیسک) ژوب میں پاک فوج کا کلیئرنس آپریشن مکمل، تمام دہشت گرد جہنم واصل، آپریشن کے دوران شہید ہونے والے سیکورٹی اہلکاروں کی تعداد 9 ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز ژوب گریژن میں دہشت گردوں کی جانب سے حملہ کیا گیا۔ حملے کے ابتداء میں 3 دہشت گرد جہنم واصل کیے گئے، جبکہ دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں 4 فوجی جوان بھی شہید ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے ایک گروپ نے شمالی بلوچستان میں ژوب گریژن میں گھسنے کی کوشش کی۔
ڈیوٹی پر موجود سکیورٹی اہلکاروں نے دہشت گردوں کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا،دہشت گردوں کو علاقے میں گھیر لیا گیا اور 3 دہشت گرد مارے گئے۔ سکیورٹی فورسز نے باقی 2 دہشت گردوں کو پکڑنے کیلئے کلیئرنس آپریشن شروع کیا،کلیئرنس آپریشن میں 4 فوجی جوان شہید جبکہ 5 زخمی ہوئے۔
کلیئرنس آپریشن مکمل ہونے پر تمام 5 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا، جبکہ آپریشن کے دوران زخمی ہونے والے اہلکاروں کی تعداد بھی 9 ہو گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز بلوچستان میں امن خراب کرنے کی ہر کوشش ناکام بنا دے گی۔