پرویز الٰہی نے جیل میں بہتر کلاس دینے کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا

سابق وزیراعلٰی پنجاب ہوں جیل میں بہتر کلاس قانونی حق ہے،عدالت اے سی اور گھر کے کھانے سمیت دیگر سہولیات فراہم کرنے کا حکم دے،درخواست میں استدعا

لاہور (نیوز ڈیسک) پرویز الٰہی نے جیل میں بہتر سہولیات دینے کیلئے عدالت سے رجوع کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے جیل میں بہتر کلاس دینے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے،پرویز الٰہی کی جانب سے ان کے وکیل عامر سعید راں نے درخواست دائر کی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ چوہدری پرویز الٰہی سابق وزیراعلٰی پنجاب رہے،بہتر کلاس قانونی حق ہے۔
عدالتی حکم پر پہلے اے سی اور دیگر سہولیات فراہم کی گئی تھیں،حکام نے تمام سہولیات دوبارہ واپس لے لیں۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت اے سی اور گھر کے کھانے سمیت دیگر سہولیات فراہم کرنے کا حکم دے،جبکہ درخواست میں ادویات اور علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کی بھی استدعا کی گئی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعلٰی پنجاب پرویز الٰہی کے خلاف مقدمات اور انکوائریوں کی تفصیلات کی فراہمی کی درخواست پر نیب،اینٹی کرپشن اور ایف آئی اے سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے 13جولائی کو جواب طلب کیا تھا۔

جسٹس امجد رفیق نے چوہدری پرویز الٰہی کی دائر درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ سابق وزیراعلٰی پنجاب کو سیاسی انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ایک مقدمہ میں ضمانت ہوتی ہے تو کسی اور مقدمہ میں گرفتار کر لیا جاتا ہے،ایف آئی آرز کی کاپیاں بھی فراہم نہیں کی جاتی۔ درخواست میں بتایا گیا کہ درخواست گزار کو معلوم نہیں کہ اس کے خلاف کہاں کہاں مقدمات درج کیے گئے۔ عدالت سے استدعا ہے کہ پرویز الٰہی کیخلاف مقدمات کی تفصیلات فراہم کی جائیں،سابق وزیراعلٰی اور انکے خاندان کو ہراساں نہ کیا جائے۔