توشہ خانہ کیس،عمران خان کی آج حاضری سے استثنٰی کی درخواست مںظور

سیشن عدالت نے ملزم اور وکیل کو کل ہر صورت عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) توشہ خانہ کیس،سیشن عدالت نے عمران خان کی آج حاضری سے استثنٰی کی درخواست مںظور کر لی۔ تفصیلات کے مطابق سیشن عدالت میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کیخلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت ہوئی،عمران خان کے وکیل گوہر علی خان اور الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے حاضری سے استثنٰی کی درخواست دائر کی گئی۔
الیکشن کمیشن کے وکیل نے دلائل دئیے کہ عمران خان کے چار وکیل ہیں،عدالت کا وقت ضائع کیا جا رہا ہے۔ سابق وزیراعظم کے وکلاء تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں۔وکلاء کی نیت ہی دلائل دینے کی نہیں،خواجہ حارث کی کوئی عدالتی مصروفیات نہیں ہے۔ وکیل گوہر علی نے مؤقف اپنایا کہ الیکشن کمیشن کے وکیل صرف سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کر رہے ہیں،سابق وزیراعظم عمران خان کے سنیئر وکیل خواجہ حارث ہیں۔
وکیل گوہر علی خان نے سماعت 10 جولائی تک ملتوی کرنے کی استدعا کی۔ سیشن عدالت نے عمران خان کی حاضری سے استثنٰی کی درخواست منظور کرتے ہوئے ملزم اور وکیل کو کل ہر صورت پیش ہونے کی ہدایت کر دی،عدالت نے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز خاتون جج دھمکی کیس میں عدالت نے عمران خان کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے 19 جولائی کو پیش ہونے کی ہدایت کی تھی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کیخلاف خاتون جج کو دھمکی دینے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی،عدالت نے عمران خان کی حاضری سے استثٰی کی درخواست منظور کی اور عبوری ضمانت میں 19 جولائی تک توسیع کر دی۔ جوڈیشل مجسٹریت نے سابق وزیراعظم کو 19 جولائی کو نئے جوڈیشل کمپلیکس میں پیش ہونے کی ہدایت کی۔