جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ، عمر سرفراز چیمہ کی اہلیہ کی ضمانت منظور

انسداددہشت گردی گردی عدالت نے جناح ہاوس حملہ کیس میں 21 کارکنوں کی ضمانت منظور کی،15 خواتین بھی شامل

لاہور(نیوز ڈیسک) انسداددہشت گردی عدالت لاہور میں جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔انسداددہشت گردی عدالت کے جج نے ضمانت بعدازگرفتاری پر سماعت کی، عدالت نے سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کی اہلیہ رابعہ سلطان کی درخواست ضمانت منظور کرلی ۔ تھانہ سرور روڑ پولیس نے مقدمہ درج کررکھا ہے۔انسداددہشت گردی عدالت نے تھانہ سرور روڈ مین درج مقدمہ میں ضمانتوں پر فیصلہ سنا دیا۔
انسداددہشت گردی گردی عدالت نے مجموعی طور پر جناح ہاوس حملہ کیس میں 21 کارکنوں کی ضمانت منظور کی۔ عدالت نے عمر سرفراز چیمہ کی اہلیہ سمیت 15 خواتین کی بھی ضمانت منظور کر لی، عدالت نے رابعہ سلطان، سید نبیل رضا، ارحم ملک کی ضمانت منظور کرلی ۔ علیزہ منیر، انیلہ ملک، صدف نعیم، فرح خان، ممتاز بی بی کی ضمانت منظور کر لی گئی۔
عدالت نے واثق کاظمی، زہیب حسن، فوزیہ، سمیر اعوان، شاہین ریاض کی ضمانت منظور کرلی۔

علاوہ ازیں روبی نیازی، ارم اکمل، نورین ملک، خلعت عزیز، سونیہ ناصر اور روبینہ پرویز کی ضمانت منظور کر لی گئی۔دوسری جانب سیشن عدالت میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کیخلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت ہوئی،عمران خان کے وکیل گوہر علی خان اور الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے حاضری سے استثنٰی کی درخواست دائر کی گئی۔
الیکشن کمیشن کے وکیل نے دلائل دئیے کہ عمران خان کے چار وکیل ہیں،عدالت کا وقت ضائع کیا جا رہا ہے۔ سابق وزیراعظم کے وکلاء تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں۔وکلاء کی نیت ہی دلائل دینے کی نہیں،خواجہ حارث کی کوئی عدالتی مصروفیات نہیں ہے۔ وکیل گوہر علی نے مؤقف اپنایا کہ الیکشن کمیشن کے وکیل صرف سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کر رہے ہیں،سابق وزیراعظم عمران خان کے سنیئر وکیل خواجہ حارث ہیں۔ وکیل گوہر علی خان نے سماعت 10 جولائی تک ملتوی کرنے کی استدعا کی۔ سیشن عدالت نے عمران خان کی حاضری سے استثنٰی کی درخواست منظور کرتے ہوئے ملزم اور وکیل کو کل ہر صورت پیش ہونے کی ہدایت کر دی۔