اب پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کا دور دور تک کوئی نشان نہیں،وزیراعظم نے واضح کر دیا

گزشتہ حکومت نے آئی ایم ایف معاہدے کی دھجیاں اڑائیں،پاک چین تعلقات میں دوست نما دشمنوں نے دراڑ ڈالنے کی کوئی کسر نہیں چھوڑی،شہباز شریف کا تقریب سے خطاب

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) اب پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کا دور دور تک کوئی نشان نہیں،وزیراعظم نے واضح کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق سی پیک منصوبے کے 10 سال مکمل ہونے پر تقریب کا انعقاد کیا گیا۔شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے چینی صدر کے ساتھ مل کر سی پیک کا سفر شروع کیا،5 جولائی 2013 کو بیجنگ میں سی پیک منصوبے پر دستخط ہوئے۔
سی پیک کے تحت ملک میں کئی منصوبوں کا آغاز کیا گیا،پاکستانی انجینئرز اور ورکرز نے محنت سے سی پیک کامیاب بنایا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت نے سی پیک پر بھونڈے اور بے بنیاد الزامات لگائے،جھوٹے الزامات کے باعث پاک چین تعلقات میں دراڑ ڈالنے کی کوشش کی گئی،پاک چین تعلقات ہمالیہ سے بھی بلند ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے آئی ایم ایف شرائط کی دھجیاں اڑائیں،آئی ایم ایف شرائط پر عملدرآمد کیا جائے گا۔

12 جولائی کو آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں معاہدے کی منظوری ہو جائے گی،آئی ایم ایف معاہدے سے پاکستان کو آگے بڑھنے کا موقع ملا ہے۔ قبل ازیں فاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان چار سال تک پاکستان پر مسلط رہا،پاکستان کی مشکلات کا حل نواز شریف کے پاس ہے۔ سی پیک نواز شریف کے ویژن کی عکاسی کرتا ہے،نواز شریف نے پاکستانی عوام کو سی پیک کا تحفہ دیا،2013 میں پی ٹی آئی نے ملک میں عدم استحکام کی بنیاد رکھی۔
کچھ سازشی عناصر نے نالائق ٹولے کو ملک پر مسلط کیا،یہ ڈی چوک میں کھڑے ہو کر ملک کو جلانے کی باتیں کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت کی نااہلی کے باعث توانائی سمیت کئی بحران پیدا ہوئے،عمران خان نے سول نافرمانی تحریک کی کال دی،جبکہ کچھ کرداروں نے ملک کو مہنگائی کے حوالے کیا۔