عمر سرفراز چیمہ اور اعجاز چوہدری کا پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کا مقدمہ، عدالت کا دونوں رہنماؤں کو 10 جولائی کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم

لاہور(نیوز ڈیسک) انسدادِ دہشت گردی عدالت لاہور میں جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل نے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر سماعت کی۔دورانِ سماعت پولیس نے کہا کہ عمر سرفراز چیمہ کو آڈیو گرامیٹک اور فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کرانا ہے اور اعجاز چوہدری سے تفتیش اور پیٹرول بم کی برآمدگی درکار ہے۔
عدالت نے سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ اور اعجاز چوہدری کا پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔ عدالت نے دونوں ملزمان کو پانچ روز کے لیے پولیس کے حوالے کردیا۔ عدالت نے دوبارہ ملزمان کو دس جولائی کو پیش کرنے کی ہدایت کردی۔گذشتہ روز پولیس نے سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ اور اعجاز چوہدری کی جناح ہاؤس حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کیس میں جیل سے طلبی کی درخواست دائر کی تھی۔
درخواست میں کہا گیا تھا کہ ملزمان دیگر مقدمات میں جوڈیشل ریمانڈ ہر جیل میں ہیں۔ انسداد دہشت گردی عدالت کی ایڈمن جج عبہر گل خان نے درخواست پر سماعت کی۔ تفتیشی افسر نے موقف اختیار کیا کہ عمر سرفراز چیمہ اور اعجاز چوہدری جناح ہاؤس حملہ میں ملوث ہیں۔ملزمان کو جیل سے عدالت پیش کرنے کی اجازت دی جائے ،ملزمان سے جناح ہاؤس حملہ کیس میں تفتیش کرنا چاہتے ہیں۔
ملزمان تھانہ سرور روڑ کے مقدمہ نمبر 96/24 میں مطلوب ہیں ملزمان کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ عدالت نے جیل پولیس کو دونوں ملزمان کو 5 جولائی کو پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت نے پولیس کی درخواست منظور کرتے ہوئے تفتیش کیلیے سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ اور اعجاز چوہدری کی طلبی کی اجازت دے دی۔واضح رہے کہ 9 مئی کو چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے بعد تحریک انصاف کے کارکنوں نے ملک بھر میں جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کیا جس کے بعد سے سینکڑوں شرپسندوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔