عمران خان کو ثاقب نثار جیسے ججزچاہئے جو ان کے لیے غیر قانونی فیصلے دے سکیں

چیف جسٹس کے خلاف درخواست واضح طور پر بتا رہی ہے کہ کپتان کھیل جیتنے کے لیے صرف اپنے ایمپائرز ہی چاہتا ہے۔وزیر سندھ شرجیل میمن

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما اور وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ عمران خان کو ثاقب نثار جیسے ججز کی تلاش ہے جو ان کے لیے غیر قانونی فیصلے دے سکیں۔شرجیل میمن نے کہا اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے خلاف درخواست واضح طور پر بتا رہی ہے کہ کپتان کھیل جیتنے کے لیے صرف اپنے ایمپائرز ہی چاہتا ہے۔
شرجیل میمن نے کہا غیر قانونی فیصلوں کے بدلے ایسے ججوں کو بطور رشوت پی ٹی آئی کے ٹکٹ مل سکتے ہیں ۔خیال رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی طرف سے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق کے خلاف عدم انصاف اور عدم اعتماد کی درخواست دائر کر دی گئی۔عمران خان نے توشہ خانہ ٹرائل کے خلاف سماعت کرنے والے چیف جسٹس عامر فاروق پر مشتمل بینچ پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کیس دوسری عدالت کو منتقل کرنے کی استدعا کر دی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق عمران خان نے اپنے وکیل کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔چیئرمین پی ٹی آئی نے توشہ خانہ کیس کے ٹرائل کے خلاف درخواستیں دوسرے بینچ کو منتقل کرنے کی استدعا کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ یقین ہے اس بینچ سے شفاف اور غیر جانبدارانہ انصاف نہیں ملے گا۔استدعا ہے چیف جسٹس چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواستیں سننے سے معذرت کر لیں اور کیس دوسری عدالت کو منتقل کر دیں۔
خیال رہے کہ نیب نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں طلبی کا نوٹس جاری کیا تھا،عمران خان کو کال اپ نوٹس زمان پارک لاہور اور بنی گالہ کی رہائش گاہوں کے پتے پر ارسال کر دیا گیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی کو 4 جولائی دن گیارہ بجے نیب راولپنڈی آفس میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے،عمران خان کو کیس سے تمام متعلقہ دستاویزات ساتھ لانے کا بھی کہا گیا۔