یقین ہے اس بینچ سے شفاف اور غیر جانبدارانہ انصاف نہیں ملے گا،استدعا ہے چیف جسٹس چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواستیں سننے سے معذرت کر لیں اور کیس دوسری عدالت کو منتقل کر دیں۔درخواست میں موقف
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی طرف سے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق کے خلاف عدم انصاف اور عدم اعتماد کی درخواست دائر کر دی گئی۔عمران خان نے توشہ خانہ ٹرائل کے خلاف سماعت کرنے والے چیف جسٹس عامر فاروق پر مشتمل بینچ پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کیس دوسری عدالت کو منتقل کرنے کی استدعا کر دی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق عمران خان نے اپنے وکیل کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔چیئرمین پی ٹی آئی نے توشہ خانہ کیس کے ٹرائل کے خلاف درخواستیں دوسرے بینچ کو منتقل کرنے کی استدعا کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ یقین ہے اس بینچ سے شفاف اور غیر جانبدارانہ انصاف نہیں ملے گا۔استدعا ہے چیف جسٹس چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواستیں سننے سے معذرت کر لیں اور کیس دوسری عدالت کو منتقل کر دیں۔
خیال رہے کہ نیب نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں طلبی کا نوٹس جاری کر دیا،عمران خان کو کال اپ نوٹس زمان پارک لاہور اور بنی گالہ کی رہائش گاہوں کے پتے پر ارسال کر دیا گیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی کو 4 جولائی دن گیارہ بجے نیب راولپنڈی آفس میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے،عمران خان کو کیس سے تمام متعلقہ دستاویزات ساتھ لانے کا بھ کہا گیا۔
نیب نوٹس کے مطابق عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں طلب کیا گیا ہے،چیئرمین پی ٹی آئی کو فروخت شدہ تحائف کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔ نیب نے چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو بھی 4 جولائی کو طلب کر لیا،نیب نے بشریٰ بی بی کو کال اپ نوٹس جاری کر دیا۔نوٹس کے مطابق بشریٰ بی بی کو این سی اے اسکینڈل میں طلب کیا گیا،انہیں کیس سے متعلق تمام دستاویزات ساتھ لانے کی بھی ہدایت کی گئی۔