میجر ثاقب حسین شہید اور نائیک باقر علی شہید کی نماز جنازہ، آبائی علاقوں میں سپرد خاک

راولپنڈی: (نیوز ڈیسک) انٹر سروسز پبلک ریلیشنز ( آئی ایس پی آر) کے مطابق میجر ثاقب حسین شہید اور نائیک باقر علی شہید کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، دونوں شہدا کو ان کے آبائی علاقوں میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق میجر ثاقب حسین شہید کی عمر 31 سال تعلق ضلع سانگھڑ، سندھ سے تھا، نائیک باقر علی شہید کی عمر 26 سال تعلق ضلع دادو، سندھ سے تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء کی نماز جنازہ پہلے تربت، بعد ازاں آبائی علاقوں میں ادا کی گئی، میجر ثاقب اور نائیک باقر نے گزشتہ روز دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا تھا۔

نماز جنازہ میں سینئر حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسروں اور مقامی لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، شہدا کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر حکام کا کہنا ہے کہ پاک فوج مادر وطن کے دفاع کو ہر قیمت پر یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔