پاکستان تحریک انصاف کے رکن دلبرداشتہ ہوکر اسمبلی رکنیت سے مستعفی ہوگئے

کراچی (بیورو رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی کریم بخش گبول دلبرداشتہ ہوکر اسمبلی رکنیت سے مستعفی ہوگئے ، اپنے حلقے کے رکن قومی اسمبلی سیف الرحمان سے بھی شدید ناراضگی کا اظہار کردیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 100 سے جیت کر ایم پی اے بننے والے تحریک انصاف کے رکن نے اپنا استعفیٰ اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی کو ارسال کردیا ، جب کہ کریم بخش گبول کی جانب سے استعفیٰ ارسال کیے جانے کے بعد اپنا موبائل فون بھی بند کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے ایم پی اے نے استعفے میں لکھا کہ حلقے کے عوام کی شکایات کا ازالہ نہیں ہورہا ، رکن قومی اسمبلی مجھے اور حلقے کو ہمیشہ نظر انداز کرتا ہے ، جب کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل سمیت دیگر رہنماؤں کے سامنے اس مسئلے کو اٹھایا تاہم کہیں سے بھی کوئی شنوائی نہیں ہوئی ، ایسے میں اسمبلی کی رکنیت رکھنے کا میرا کوئی حق نہیں ہے۔
دوسری طرف وزیراعظم عمران خان نے ناراض ایم پی اے ملک شہزاد اعوان کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کروادی، وزیراعظم نے ملک شہزاد اعوان کو فون کیا اور انہیں گورنر سندھ سے ملاقات کرنے کی ہدایت کی، وزیراعظم نے پی ایس 116 میں ترقیاتی کاموں کو بھی تیز کرنے کی ہدایت کی ، تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی آئی کے ناراض رکن سندھ اسمبلی ملک شہزاد اعوان کو فون کیا ، جس میں وزیراعظم نے ملک شہزاد اعوان کے تمام تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کروائی ، وزیراعظم نے ملک شہزاد اعوان کو گورنر سندھ سے ملنے کی ہدایت کی ، انہوں نے کہا کہ پی ایس 116 میں ترقیاتی کاموں کو تیز کی جائے۔
یاد رہے ملک شہزاد اعوان این اے 249 پر امجد آفریدی کو ٹکٹ دینے کے معاملے پر ناراض تھے ، کراچی کی یہ نشست این اے 249 سے فیصل واوڈا کے مستعفی ہونے سے خالی ہوئی تھی، فیصل واوڈا نے سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے کیلئے اس نشست سے استعفیٰ دیا تھا، تاہم فیصل واوڈا سینیٹ الیکشن میں سینیٹر منتخب ہوگئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں