پولیس نے تحریک انصاف کے رہنما شبلی فراز کو رہا کر دیا

جوڈیشل کمپلیکس ایف سی بھری ہوئی ہے اور ابھی اتک شیلنگ جاری ہے،شبلی فراز کا عدالت کے رو برو بیان

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) احاطہ عدالت سے گرفتار ہونے والے تحریک انصاف کے رہنما شبلی فراز کو پولیس نے رہا کر دیا،شبلی فراز نے عدالت کے روبرو بیان دیا کہ جوڈیشل کمپلیکس ایف سی بھری ہوئی ہے اور ابھی تک شیلنگ جاری ہے۔ قبل ازیں پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شبلی فراز کو گرفتار کیا،عدالت میں عمران خان کے وکیل نے کہا کہ شبلی فراز کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
جج نے پولیس کو ہدایت کی کہ شبلی فراز کو عدالت میں پیش کیا جائے۔بتایا گیا کہ شبلی فراز کو احاطہ عدالت سے گرفتار کیا گیا۔ شبلی فراز کو قیدیوں کی وین میں ڈال دیا گیا۔ جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی گاڑی جوڈیشل کمپلیکس کے موجود تھی۔پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کیا گیا جبکہ پولیس کی جانب سے کارکنان پر لاٹھی چارج کیا گیا۔
پولیس کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شبلی فراز، مراد سعید اور فرخ حبیب پر بھی لاٹھی چارج کیا گیا۔ذرائع کے مطابق شبلی فراز کے سر پر لاٹھی لگ گئی۔ لاٹھی لگنے سے متعدد کارکنان زخمی ہو گئے۔جبکہ آنسو گیس کی شیلنگ سے جوڈیشل کمپلیکس کے باہر دھوئیں کے بادل چھا گئے،پی ٹی آئی کارکنوں نے بم اسکواڈ کی گاڑی پر بھی دھاوا بولا۔
آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر خان کے مطابق عمران خان کا قافلہ جوڈیشل کمپلیکس کے قریب تھا کہ کارکنوں نے پتھراؤ کر دیا۔ پولیس غیر مسلح ہے اور کسی قسم کا کوئی تشدد نہیں کیا جارہا،ہماری ایک چوکی پر آگ لگا دی۔راستہ بالکل صاف ہے،بس ایک موڑکاٹنا ہے وہ عدالت پہنچ جائیں گے،وہ اپنے کارکنوں کو سنبھالیں اور عدالت پہنچیں۔ دوسری جانب چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے خدشے کےباعث اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے