لاہور میں اسموگ کے باعث ہفتے میں تین روز اسکولز بند رہیں گے

جمعہ،ہفتہ اور اتوار کی چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے،تین روز چھٹیوں کے احکامات تاحکم ثانی جاری رہیں گے،نوٹیفکیشن

لاہور (نیوز ڈیسک) لاہور میں اسموگ کے باعث اسکولز تین روز بند رہیں گے،اتوار کے ساتھ جمعہ اور ہفتے کی چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور میں اسموگ کی وجہ سے اسکولز میں ہفتہ وار تین چھٹیوں ہوں گی،اسکولز اتوار کے ساتھ جمعہ اور ہفتے کو بند رہیں گے جس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
اسکولز ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جمعہ،ہفتہ اور اتوار کی چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور میں 3 روز چھٹیوں کے احکامات تاحکم ثانی جاری رہیں گے،جبکہ چھٹیوں کا اطلاق تمام نجی و سرکاری اسکولز پر ہو گا،اسکولز میں ہفتہ وار چھٹیاں بڑھانے کا فیصلہ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پر کیا گیا ہے۔ قبل ازیں لاہور ہائیکورٹ نے اسکولوں میں 3 روز کی چھٹیوں کا نوٹیفکیشن کل پیش کرنے کا دیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں اسموگ پر قابو پانے کے لیے درخواست پر سماعت ہوئی۔عدالت نے استفسار کیا کہ اسموگ پر قابو پانے کے لیے کیا اقدامات کیے گئے ہیں؟ عدالت کو بتایا گیا کہ نوٹیفیکشین تیار کر لیا گیا ہے،اسکولوں میں تین دن چھٹیاں ہوں گی۔ جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دئیے کہ پنجاب حکومت نوٹیفیکیشن ہر صورت پیش کرے۔ سماعت کے دوران عدالت نے اسکولوں میں 3 روز کی چھٹیوں کا نوٹیفکیشن پیش کرنے کا حکم دیا۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز انسداد اسموگ کے حوالے سے درخواست پر لاہور ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی۔ لاہور ہائیکورٹ نے اسموگ کے پھیلاؤ پر تشویش کا اظہار کیا۔ اسموگ کے تدراک کے لیے لاہور ہائیکورٹ نے فیصلہ کیا ہے۔ نجی اور سرکاری اسکولوں میں ہفتے میں 3 دن چھٹیوں کی ہدایت کی۔ عدالت نے آلودگی پھیلانے والی صنعتوں کو گرانے کے لیے قانون سازی کا حکم دیا۔آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کو قبضے میں لینے کے لیے قانون سازی کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے ریمارکس دئے کہ اسموگ کی صورتحال بہت خطرناک ہو چکی ہے۔