گولڈن ٹیمپل کو نشانہ بنانے کا بھارتی الزام مسترد کرتے ہیں: دفتر خارجہ

بھارت کا الزام ناقابلِ قبول اقدام سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے، پاکستان سکھ مذہب کے مقدس مقامات کا فخر سے نگہبان ہے، کرتارپور راہداری سے ویزہ فری رسائی فراہم کرتے ہیں؛ ترجمان دفتر خارجہ کا بیان

اسلام آباد: ( نیوز ڈیسک ) پاکستان نے گولڈن ٹیمپل کو نشانہ بنانے کی کوشش کا بھارتی الزام مسترد کر دیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ گولڈن ٹیمپل کو نشانہ بنانے کے الزامات مسترد کرتے ہیں، یہ دعویٰ بے بنیاد ہے کہ پاکستان نے گولڈن ٹیمپل کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔

ان کا کہنا ہے کہ گولڈن ٹیمپل سکھ عقیدے کا سب سے زیادہ قابل احترام مقام ہے، بھارت نے ہی عبادت گاہوں کو نشانہ بنایا، 6 اور 7 مئی کی درمیانی رات میں پاکستان میں بھی مختلف عبادت گاہوں کو نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے الزامات اس ناقابل قبول فعل سے توجہ نہیں ہٹا سکتے، پاکستان سکھ مذہب کے بہت سے مقدس مقامات کا قابل فخر محافظ ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ہر سال دنیا بھر سے ہزاروں سکھ یاتریوں کا خیرمقدم کرتا ہے، پاکستان کرتارپور راہداری کے ذریعے گوردوارہ صاحب کرتارپور تک ویزہ فری رسائی بھی فراہم کرتا ہے۔