اسلام آباد: ( نیوز ڈیسک ) دفتر خارجہ کی جانب سے بھارت کا شاہین میزائل کے استعمال کا دعویٰ بے بنیاد قرار دے دیا گیا۔ بھارتی میڈیا کے شاہین میزائل کے استعمال سے متعلق بے بنیاد دعوؤں پر ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے ردعمل میں بتایا کہ بھارتی فوج نے خود اپنی جاری کردہ ویڈیو ڈیلیٹ کر دی، بعض بھارتی میڈیا ادارے تاحال گمراہ کن بیانیہ پھیلا رہے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے آپریشن بنیان مرصوص میں فتح F1، F2 میزائل استعمال کیے، پاکستان کی جدید گائیڈڈ میزائل، ڈرونز اور آرٹلری نے دشمن کے اہداف کو نشانہ بنایا۔
دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی فوج کی خاموشی، اعترافِ شکست کے مترادف ہے، گمراہ کن مہم بھارت کی آپریشن سندور میں ناکامی چھپانے کی کوشش ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نام نہاد “جوہری بلیک میلنگ” کا بھارتی دعویٰ بے بنیاد اور من گھڑت ہے، اشتعال انگیز خبریں خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے آپریشن میں جدید گولہ بارود، طویل فاصلے تک مار کرنے والے ڈرونز، اور درست نشانے والے طویل الفاصلہ توپ خانے کا استعمال کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں جن فوجی مقامات کو نشانہ بنایا گیا، ان کی تفصیلات بھی 12 مئی کی آئی ایس پی آر پریس ریلیز میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلا تصدیق کے اشتعال انگیز مواد پھیلانا نہ صرف علاقائی استحکام کے لیے نقصان دہ ہے بلکہ اس سے سرکاری اداروں کی پیشہ ورانہ ساکھ کو بھی نقصان پہنچاتا ہے۔