عالمی برادری بھارت میں ایٹمی تنصیبات کی سکیورٹی، مواد کی چوری کا جائزہ لے: پاکستان

اسلام آباد: ( نیوز ڈیسک ) پاکستان نے عالمی برادری سے بھارت میں ایٹمی تنصیبات کی سکیورٹی اور تابکار مواد کے بار بار چوری ہونے کی تحقیقات کا مطالبہ کر دیا۔ بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے جوہری ہتھیاروں پر بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئےترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی وزیر دفاع کا بیان غیر ذمہ دارانہ ہے اور بھارتی عدم تحفظ اور ناکام دفاعی حکمت عملی کی عکاسی کرتا ہے، راج ناتھ سنگھ کی باتوں سے عالمی جوہری توانائی ایجنسی کی ذمہ داریوں سے لاعلمی ظاہر ہوتی ہے، بھارت کو روکنے کیلئے پاکستان کی روایتی صلاحیتیں ہی کافی ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ عالمی برادری کو بھارت میں ایٹمی مواد کی چوری اورغیر قانونی سمگلنگ پر تشویش ہونی چاہیے، 2024 ء میں بھارت کے بھابھا ایٹمی ریسرچ سنٹر سے تابکاری آلہ چوری ہونے کی اطلاعات ہیں، بھارت کے شہردہرہ دون میں پانچ افراد کے قبضے سے ایٹمی مواد برآمد ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ برس بھارت میں 100 ملین ڈالر مالیت کا تابکار مواد کیلیفورنیم برآمد ہوا، 2021ء میں بھی بھارت میں تابکار مواد کی چوری کے تین واقعات رپورٹ ہوئے، تابکار مواد کی چوری کے واقعات بھارت میں ایٹمی مواد کے کالے بازار کی نشاندہی کرتے ہیں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ یہ بار بارچوری ہونے کے واقعات نئی دہلی کی طرف سےحفاظتی اقدامات پر سوالیہ نشان ہیں، پاکستان ان واقعات کی مکمل تحقیقات پر زور دیتا ہے اور بھارت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اپنی جوہری تنصیبات اور ہتھیاروں کے تحفظ کو یقینی بنائے۔