عمران خان کی جان کو جیل میں خطرہ ہے ، پیرول پر رہائی کیلئے عدالت میں درخواست دائر

پاکستان کو بھارتی حکومت کی جانب سے جارحیت کا سامنا ہے، مختلف شہروں پر ڈرون حملوں سے جیل میں سابق وزیراعظم کی جان کو خطرہ ہے.درخواست میں موقف

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی پرول پر رہائی کے لیے اسلام آبادہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے لطیف کھوسہ اور شہباز کھوسہ کے ذریعے دائر درخواست میں عمران خان کی پے رول پر رہائی کی استدعا کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ پاکستان کو بھارتی حکومت کی جانب سے جارحیت کا سامنا ہے، مختلف شہروں پر ڈرون حملوں سے جیل میں سابق وزیراعظم کی جان کو خطرہ ہے.

درخواست میں کہا گیا ہے کہ مودی سینٹرل جیل اڈیالہ کا بھی ڈرون حملے کے لیے اہم ٹارگٹ کے طور پر دیکھ سکتا ہے، عمران خان وزیراعظم تھے تو مودی کو عالمی سطح پر شرمندگی اٹھانا پڑی تھی، سیاسی طور پر بنائے گئے مقدمات میں طویل قید سے ان کے بنیادی حقوق متاثر ہو رہے ہیں، اس طرح کی قید سے بچنے کے لیے آئین میں پرول پر رہائی کی ریمیڈی موجود ہے.
درخواست میں وفاقی حکومت، حکومت پنجاب، انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل اور پرول کمیٹی کو فریق بنایا گیا ہے درخواست میں کہا گیا ہے کہ عمران خان یقین دہانی کراتے ہیں کہ پے رول پر رہائی کی شرائط پر عمل کریں گے، طویل قید سے صحت خراب ہونے کا بھی خطرہ موجود ہے، سیکرٹری داخلہ پنجاب کو اس حوالے سے درخواست دی مگر کئی کارروائی نہیں ہوئی. درخواست میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے جیل میں قید کے دوران پرزن رولز کی خلاف ورزی نہیں کی، لہٰذا استدعا ہے کہ انہیں پرول پر رہا کرنے کا حکم دیا جائے.