تحریک انصاف کی خاتون رہنما کی 2 روز قبل ضمانت منظور ہوئی تھی
جہلم ( نیوز ڈیسک ) عالیہ حمزہ کو رہا کر دیا گیا، تحریک انصاف کی خاتون رہنما کی 2 روز قبل ضمانت منظور ہوئی تھی۔ تفصیلات کے مطابق چند روز قبل پنجاب پولیس کی جانب سے گرفتار کی جانے والی تحریک انصاف کی خاتون رہنما عالیہ حمزہ کو عدالت سے ضمانت ملنے کے 2 روز بعد جیل سے رہائی بھی مل گئی۔ عالیہ حمزہ 4 روز تک جہلم جیل میں قید رہیں، انہیں گرفتار کرنے کے بعد ابتدائی طور پر اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا تھا، جہاں سے بعد ازاں انہیں جہلم جیل منتقل کر دیا گیا۔
عالیہ حمزہ کو راولپنڈی میں سیاسی سرگرمی کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔ عالیہ حمزہ ملک 18 اپریل کو ورکرز کنونشن سے خطاب کے لیے راولپنڈی کے نورانی محلہ پہنچی تھیں، جہاں سے انہیں گرفتار کر کے ویمن پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا تھا۔
بعدازاں عالیہ حمزہ ملک اور کارکنان کو تھانہ سول لائن راولپنڈی شفٹ کر دیا گیا اور عالیہ حمزہ ودیگر کےخلاف 18 اپریل کو تھانہ ایئرپورٹ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، عدالت نے 19 اپریل کو عالیہ حمزہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔
عالیہ حمزہ کو 19 اپریل کو راولپنڈی کی مقامی عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں سول جج ممتاز ہنجرا نے کیس کی سماعت کی تھی۔ پولیس نے عالیہ حمزہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کی استدعا کی تھی جس پر عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے عالیہ حمزہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔ یہاں یاد رہے کہ عالیہ حمزہ 9 مئی واقعات کے الزام میں کسی عدالت سے سزا پائے بنا ہی ایک سال سے زائد عرصہ تک جیل میں قید رہی تھیں، چند ماہ قبل ہی انہیں رہائی ملی تھی۔ عالیہ حمزہ کے علاوہ طیبہ راجہ، صنم جاوید خان، عائشہ بھٹا، خدیجہ شاہ کو بھی کئی ماہ جیل کی قید کے بعد رہائی ملی۔ تاہم تحریک انصاف کی سینئر خاتون رہنما اور کینسر کی مریضہ ڈاکٹر یاسمین راشد کو تاحال جیل سے رہائی نہ مل سکی۔