اسلام آباد:( نیوز ڈیسک ) جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ 27اپریل کولاہورمیں غزہ کے حق میں بہت بڑا ملین مارچ ہوگا۔ وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم نےکراچی میں بہت بڑا ملین مارچ کیا، اس حوالے سے جے یو آئی کی مرکزی مجلس عمومی کا اجلاس 19 اور 20 اپریل کو لاہور میں منعقد ہوا۔
انہوں نے کہا کہ اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ 27اپریل کولاہورمیں بہت بڑا ملین مارچ ہوگا، انسانی حقوق کی تنظیمیں غزہ میں جنگی جرائم کی پشت پناہی کررہی ہے، جے یو آئی فلسطین کی جدوجہد آزادی کی حمایت جاری رکھے گی۔
سربراہ جے یو آئی ف کا کہنا تھا لاہورکا ملین مارچ امت مسلمہ کی آوازہوگی، گیارہ مئی کو پشاورمیں غزہ کےشہدا کوخراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ملین مارچ ہو گا، کوئٹہ میں بھی ملین مارچ ہوگا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اسرائیل ایک ناجائز ملک ہے،اس کی حیثیت قابض کی ہے، فلسطین یا عرب کی زمین پر وہ قابض ہے، نیتن یاہو کا کہنا کہ ان کی پوزیشن دفاعی ہے، اگر دفاع ہے تو عام شہریوں پر بمباری کیوں ہوتی ہے؟پاکستانی قوم،تاجروں سے اپیل ہے وہ مالی جہاد میں شریک ہوں، معصوم فلسطینیوں کو سفاک ملک کے حوالے نہیں کرسکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ کے پی، بلوچستان، سندھ میں بدامنی کی صورتحال ناقابل بیان ہے، مسلح دہشتگرد دندناتے پھر رہے ہیں حکومت کی رٹ نہیں ہے، والدین بچوں کو سکول نہیں بھیج سکتے، کاروباری طبقہ پریشان ہے، تاجروں سے منہ مانگے بھتے مانگے جارہے ہیں، حکومت اور سکیورٹی ادارے عوام کے جان و مال کے تحفظ میں ناکام نظر آرہے ہیں۔
سربراہ جے یو آئی ف کا کہنا تھا کہ دھاندلی کے نتیجے میں وفاقی و صوبائی حکومتیں ناکام ہوچکی ہیں، ہماری جماعت نے 2018 اور 2024 کے انتخابات کو دھاندلی زدہ قرار دیا اور نتائج مسترد کئے، ان اسمبلیوں کو عوامی نمائندہ نہیں کہہ سکتے۔
مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ ووٹ عوام کی امانت ہوتی ہے، عوام کے ووٹ اور رائے کو مسترد کرکے من مانے نتائج دیکر سیلکٹڈ حکومتیں مسلط کردی جاتی ہیں، جے یو آئی کے ا پلیٹ فارم سے سیاسی جدوجہد جاری رکھیں گے، پارلیمانی اشتراک عمل کی ضرورت ہوگی تو جے یو آئی کی شوریٰ عاملہ فیصلہ کرے گی۔