ہمیں فصل کا ریٹ چاہیئے ورنہ آئندہ گندم کاشت نہیں کریں گے، کسانوں نے خبردار کردیا

15 ارب روپے کا اعلان کرکے کسانوں کا مذاق اڑایا گیا، میں ہاتھ جوڑ کر کہتا ہوں اپنی سبسڈی اور خیرات واپس لے لو، ہمیں اپنی اجرت چاہیئے؛ صدر پاکستان کسان اتحاد خالد کھوکھر کی پریس کانفرنس

لاہور ( نیوز ڈیسک ) کسانوں نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ہمیں فصل کا ریٹ چاہیئے ورنہ آئندہ گندم کاشت نہیں کریں گے۔ پریس کانفرنس کے دوران صدر پاکستان کسان اتحاد خالد کھوکھر نے کہا کہ مریم نواز کے کہنے پر گندم تو کاشت کرلی مگر ابھی تک کسی کسان سے ملاقات نہیں کی، 15 ارب روپے کا اعلان کرکے کسانوں کا مذاق اڑایا گیا ہے، اس طرح رہا تو اگلے سال گندم کاشت نہیں کریں گے، اس وقت تک مریم نواز نے کسی کسان زمیندار سے ملاقات نہیں کی، سلمیٰ بٹ مریم نواز کی ترجمان بنی ہیں، ان کو کسانوں کا کچھ نہیں پتا، کسی ایسے انسان کو لائیں جو کسانوں سے بات تو کرے، جس کو زراعت کا پتا نہیں اس کو منسٹری دے دی گئی ہے۔

ان کا مزید یہ بھی کہنا ہے کہ کسانوں کو ان کے حقوق نہیں مل رہے، گندم کی فصل کا ریٹ کسانوں کو نہیں مل رہا، میں ہاتھ جوڑ کر کہتا ہوں اپنی سبسڈی اور خیرات واپس لے لو، ہمیں اپنی اجرت چاہیئے، موسمی تبدیلیوں سے کسانوں کا کھربوں کا نقصان ہوا ہے، اس طرح کے حالات سے کاشتکار خودکشی کرنے پر مجبور ہیں، کاشت کار ڈر ڈر کر زندگی گزار رہا ہے، حکومت کے کہنے پر کپاس کاشت کی گئی، اب کپاس کا کاشت کار بھی رو رہا ہے۔