جب تک وکلاء کی ملاقات نہیں ہوتی باقی کسی کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے جانے کی ضرورت نہیں، بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ کی میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کا کہنا ہے کہ یہ چاہتے ہیں بانی پی ٹی آئی وکلا سے کیسز کی مشاورت نہ کرسکیں، عمران خان سے ملاقات نہ کروا کر ہماری نہیں بلکہ عدالت کی توہین ہو رہی ہے ،جب تک وکلاءکی ملاقات نہیں ہوتی باقی کسی کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے جانے کی ضرورت نہیں،اسلام آباد ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ نے کہا کہ سلمان صفدر چیف جسٹس سپریم کورٹ کے حکم سے اڈیالہ گئے تھے۔
منگل کا دن بانی پی ٹی آئی عمران خان کے کیسز کے حوالے سے ملاقات کا دن ہے۔ عدالت نے وکلا ءکی فہرست کا حکم جاری کیا ہے لیکن بانی پی ٹی آئی کے وکلاءکو جیل کے باہر روک دیاگیا اور انہیں ملاقات نہیں کرنے دی گئی ۔
انہوں نے کہا کہ کیا بانی پی ٹی آئی کے کیسز خراب کرنا چاہتے ہیں۔توہین ہماری نہیں عدالت کی ہو رہی ہے کیوں کہ عدالت کے 3 رکنی بینچ نے ملاقات کا حکم جاری کیا تھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روزبانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں علیمہ خان،عظمیٰ خان اور نورین نیازی سمیت ان کے کزن۔رہنماءپی ٹی آئی عمر ایوب سمیت 7 رہنماﺅں کو اڈیالہ جیل کے قریب حراست میں لے لیا گیاتھا۔بانی پی ٹی آئی کی فیملی اور دیگر رہنما ملاقات کیلئے اڈیالہ جیل پہنچے تھے مگرانہیں ملاقات کی اجازت نہیں ملی تھی۔ علیمہ خان نے حراست میں لیتے وقت کہا تھا کہ یہ ہمیں کہیں بیابان میں چھوڑ دیں گے مگر ہم پھر اس وقت تک واپس آئیں گے جب تک یہ جیل میں نہیں ڈالتے اور ملاقات کیے بغیر واپس نہیں جائیں گے۔
اس موقع پر سڑک پر دریاں رکھ کر علیمہ خان نے دھرنا دینے کی کوشش کی تھی لیکن پولیس نے اسے ناکام بنا دیا۔اس دوران جمع ہونے والے کارکنوں کو پولیس نے منتشر کر دیا تھا۔گورکھ پور ناکے پر عمر ایوب کو روک لیا گیا جہاں وہ کئی گھنٹے پولیس کی نگرانی میں بیٹھے رہے تھے۔ پی ٹی آئی رہنماءعمر ایوب موٹر سائیکل پر بیٹھ کر کچے راستوں سے ہوتے ہوئے داہگل پہنچ گئے ایس پی نیبل کھوکھر کی سربراہی میں پولیس کی نفری نے انہیں وہاں سے جانے کی درخواست کی تھی لیکن انہوں نے انکار کر دیا تھاجس پر پولیس نے باہر کارکنوں کو منتشر کر دیاتھا۔
اس کے علاوہ پی ٹی آئی رہنماءزرتاج گل ،صاحبزادہ حامد رضا علیمہ خان اور فیملی کے دیگر ممبران ملک احمد بھچر ،سیمابیہ طاہر ، تابش فاروق ،نیاز اللہ نیازی اور دیگر رہنما اور کارکن پہنچ گئے جن کو پولیس نے روک لیاتھا۔بعدازاںبانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کیلئے پہنچنے والی تینوں بہنوں عظمی، علیمہ اور نورین خان سمیت 7 حراست میں لئے گئے رہنماوں کو پولیس نے چکری انٹرچینج پر رہا کردیا تھا۔