گرینڈ ہیلتھ الائنس کے احتجاجی ملازمین کی وزیراعلیٰ ہاﺅس جانے کی کوشش،پولیس کا مظاہرین پر واٹرکینن کا استعمال

پولیس نے مظاہرین کو آگے بڑھنے سے روک دیا، مظاہرین اور پولیس کے درمیان تصادم،گرینڈ ہیلتھ الائنس کا پنجاب اسمبلی کے دھرنا آج بھی جاری رہا

لاہور ( نیوز ڈیسک ) لاہور کے مال روڈ پر گرینڈ ہیلتھ الائنس کے احتجاجی ملازمین کی وزیراعلیٰ ہاﺅس جانے کی کوشش، پولیس نے مظاہرین کو روکنے کیلئے واٹر کینن کااستعمال کرتے ہوئے آگے بڑھنے سے روک دیا، مظاہرین اور پولیس کے درمیان تصادم، گرینڈ ہیلتھ الائنس کا پنجاب اسمبلی کے دھرنا آج بھی جاری رہا،صورتحال اس وقت خراب ہوئی جب گرینڈ ہیلتھ الائنس کے احتجاجی ملازمین نے وزیراعلیٰ ہاﺅس جانے کی ضد کی ۔
پولیس نے احتجاجی ملازمین کو آگے نہ بڑھنے کی ہدایات کیں لیکن احتجاجی مظاہرین نعرے بازی کرتے ہوئے وزیراعلیٰ ہاﺅس کی طرف جانے لگے جنہیں روکنے کیلئے پولیس نے گرینڈ ہیلتھ الائنس کے احتجاجی ملازمین پر واٹرکینن کا استعمال کئے جس سے مظاہرین منتشر ہوگئے اس موقع پر پولیس اور گرینڈ ہیلتھ الائنس کے مظاہرین کے درمیان شدید ہاتھا پائی اور تلخ کلامی بھی ہوئی ۔
یاد رہے کہ گرینڈ ہیلتھ الائنس کا مراکز صحت کی نجکاری کیخلاف لاہور کے مال روڈ پر احتجاجی دھرنا کئی روز سے جاری تھا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہمارے مطالبات منظور ہونے تک ہمارا احتجاج جاری رہے گا اور اس کیلئے ہمیں مہینو ں بھی بیٹھنا پڑا تو ہم اس کے لئے تیار ہیں۔ حکومت ہزاروں خاندانوں کے معاشی قتل کا فیصلہ واپس لے۔مظاہرین کایہ بھی کہنا تھا کہ مراکز صحت کی نجکاری سے دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے شہری طبی سہولیات سے محروم ہو جائینگے۔
انہوں نے تنبیہ کی کہ نجکاری کا فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو بھرپور احتجاج کیا جائیگا۔گرینڈ ہیلتھ الائنس کے احتجاجی مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا تھاکہ معاملے کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کیلئے گرینڈ ہیلتھ الائنس سے فوری طور پر مذاکرات کیے جائیں اور انکے تحفظات کا ازالہ کیا جائے ۔لاہور کے چیئرنگ کراس چوک احتجاجی مظاہرین کی جانب سے بند ہونے کی وجہ سے ملحقہ شاہراہوں پر ٹریفک کا دباﺅ رہا تھا ٹریفک کا نظام متاثر ہو رہاتھا۔