کیس کی آئندہ تاریخ پر ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے گی، ایڈیشنل سیشن جج رانا مجاہد رحیم کی عدم دستیابی کے باعث علی امین گنڈا پور کے خلاف آڈیو لیک کیس کی سماعت بغیر کارروائی ملتوی
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے آڈیو لیکس کیس میں وزیراعلی خیبر پختونخوا ہ علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھنے کا حکم دیا،ایڈیشنل سیشن جج رانا مجاہد رحیم کی عدم دستیابی کے باعث علی امین گنڈا پور کے خلاف آڈیو لیک کیس کی سماعت بغیر کارروائی ملتوی کردی گئی، انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور کیخلاف آڈیو لیک کیس کی سماعت ہوئی۔
عدالت نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ کے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھے۔ کیس کی آئندہ تاریخ پر ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور و دیگرکیخلاف کیس کی آئندہ سماعت 6 مئی تک ملتوی کردی گئی ہے۔علی امین گنڈا پور کیخلاف تھانہ گولڑہ میں مقدمہ درج ہے۔
قبل ازیں بھی پشاور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو 40 روزہ حفاظتی ضمانت دیتے ہوئے کسی بھی درج مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا تھا۔
پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ اور جسٹس صلاح الدین نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی تھی۔وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ کی میٹنگ تھی اس لئے وہ پیش نہیں ہوئے تھے۔یاد رہے کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے شراب اور اسلحہ برآمدگی کیس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھے تھے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا ہ علی امین گنڈاپور کے خلاف شراب اور اسلحہ برآمدگی کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے کی تھی۔وکیل صفائی نے موقف اختیار کیا تھاکہ علی امین گنڈا پور پشاور ہائی کورٹ سے ضمانت پر ہیں، عدالت پہلے بریت کی درخواست سن لے اس کیلئے حاضری بھی ضروری نہیں تھی۔بعدازاں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 26 اپریل تک ملتوی کر دی تھی۔