غیر قانونی غیر ملکیوں کے انخلاء کی تاریخ میں توسیع نہیں ہوگی: طلال چودھری

اسلام آباد: ( نیوز ڈیسک ) وزیرِ مملکت طلال چودھری نے کہا ہے کہ غیرقانونی غیر ملکیوں کے انخلاء کی تاریخ میں توسیع نہیں ہوگی۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر مملکت طلال چودھری کا کہنا تھا کہ 30 اپریل کے بعد ویزے کے بغیر پاکستان میں نہیں رہ سکیں گے، 40 سال تک افغان بھائیوں کی دل کھول کر میزبانی کی، دنیا میں کوئی ملک ایسا نہیں جہاں بغیر ویزے کے رہا جائے۔

انہوں نے کہا کہ غیر قانونی مقیم شہریوں کو پراپرٹی کرایہ پر دینے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی، یکم اپریل سے اب تک 84 ہزار 869 افغان باشندے واپس بھیجے جا چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ افغان حکومت سے وزارتِ خارجہ رابطے میں ہے، وزارتِ داخلہ میں آج افغان وفد سے ملاقات میں مسائل اور ان کے حل پر بات ہوئی، نائب وزیراعظم کی قیادت میں ایک وفد افغانستان جا رہا ہے۔

طلال چودھری نے مزید کہا کہ 10 لاکھ امریکی ہتھیار میں سے کچھ دہشتگرد گروپوں کے ہاتھ لگے، امریکی ہتھیار سے متعلق خبریں ہمارے مؤقف کی تائید ہے۔