حکومت کا اسلام آباد میں پہلا اوورسیز کنونشن کرنے کا اعلان

اسلام آباد میں 13 سے 15 اپریل 2025 تک ہونے والے اس کنونشن میں اوورسیز پاکستانیوں کا ائیرپورٹس پر خصوصی استقبال انہیں مکمل پروٹوکول دینے کے ساتھ ساتھ شہر میں خیرمقدمی بینرز اور عوامی سطح پر تقریبات کا اہتمام کیا جا ئیگا

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) حکومت کا اسلام آباد میں پہلا اوورسیز کنونشن کرنے کا اعلان، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ریاستی مہمان کا درجہ دیا جائے گا، دنیا بھر میں بسنے والے اوورسیز پاکستانیوں کیلئے حکومت نے تاریخی اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 13 سے 15 اپریل 2025 تک اسلام آباد میں پہلا اوورسیز پاکستانیز کنونشن منعقد کیا جائیگا،اس حوالے سے وزارت سمندر پار پاکستانی و ترقی انسانی وسائل کا کہنا ہے کہ یہ کنونشن ایک موقع ہے کہ دنیا بھر میں مقیم پاکستانی ایک بار پھر اپنے وطن سے جڑیں نہ صرف جسمانی طور پر، بلکہ دل اور جذبے کے رشتے سے بھی۔
پاکستان آپ کا منتظر ہے!۔ بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر اوورسیز پاکستانیوں کا ملک کے تمام ائیرپورٹس پر خصوصی استقبال کیا جائیگا اورانہیں مکمل پروٹوکول دینے کے ساتھ ساتھ شہر میں خیرمقدمی بینرز اور عوامی سطح پر تقریبات کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔
کنونشن میں بیرون ملک پاکستانیوں کو ملک کے ترقیاتی عمل میں موثر کردار ادا کرنے کی دعوت دی جائے گی اور ان کیلئے موجود پالیسیوں میں بہتری پر بھی مشاورت کی جائے گی۔

پہلے اوورسیز کنونشن کرنے کااعلان کرکے حکومت کی جانب سے یہ واضح پیغام دیا گیا ہے کہ پاکستان، دنیا بھر میں بسنے والے اپنے بیٹوں اور بیٹیوں کو کھلے دل سے خوش آمدید کہتا ہے۔حکومت کا کہنا ہے کہ اس کنونشن کا مقصد صرف خوش آمدید کہنا نہیں بلکہ اوورسیز پاکستانیوں کے تحفظات کو سننا، ان کی تجاویز کو پالیسی سازی کا حصہ بنانا اور ان کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا ہے۔
اس موقع پر مختلف سرکاری اداروں کے سہولت کاونٹرز بھی قائم کئے جائیں گے تاکہ اوورسیز پاکستانیوں کو ایک ہی جگہ رہنمائی، معلومات اور سہولتیں میسر آ سکیں۔اوورسیز پاکستانیز فاونڈیشن کی جانب سے بھی تمام شرکاء کو خوش آمدید کہنے کیلئے خصوصی انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ حکومتی حلقوں نے حکومت نے اس کنونشن کو ایک قومی عزم کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی نہ صرف پاکستان کے سفیر ہیں بلکہ ان کی ترسیلات زر ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ حکومت ان کے جذبہ حب الوطنی، قربانیوں اور پاکستان سے غیر متزلزل وابستگی کو سلام پیش کرتی ہے۔ہم اس کنونشن میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کودعوت دیں گے کہ وہ حکومتی پالیسیوں پر بہتری کیلئے اپنی تجاویز دیں ۔