امریکی یونیورسٹیوں میں پاکستانیوں سمیت 400 سے زائد طلباء کے ویزے منسوخ کر دئیے گئے

ویزا منسوخی بغیر پیشگی اطلاع اور قانونی کارروائی کے کی گئی، طلبہ کے اچانک ویزے منسوخ ہونے سے تعلیمی اداروں اور انسانی حقوق کے کارکنوں نے شدید تشویش کا اظہار

واشنگنٹن ( نیوز ڈیسک ) امریکی یونیورسٹیوں میں پاکستانی سمیت 400 سے زائد بین الاقوامی طلبا کے ویزے اچانک منسوخ کر دئیے گئے، بین الاقوامی طلبہ کیلئے امریکا کی یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کرنا مشکل ہو گیا،امریکی میڈیا کے مطابق امریکا کی یونیورسٹیوں میں جن کے ویزے منسوخ ہوئے ان میں پاکستانی اور دیگر مسلم ممالک کے طلبا بھی شامل ہیں۔
ویزا منسوخی بغیر پیشگی اطلاع اور قانونی کارروائی کے کی گئی، ہارورڈ، اسٹینفورڈ، یو سی ایل اے اور یونیورسٹی آف مشی گن سمیت کئی تعلیمی اداروں کے طلبہ کے ویزے منسوخ ہوئے ہیں۔امریکی میڈیاکے مطابق ویزا منسوخی کی کئی وجوہات ہوسکتی ہیں تاہم کالجز اور یونیورسٹیوں سے وابستہ اہلکاروں کا کہنا ہے کہ حکومت خاموشی سے یہ اقدام کررہی ہے۔
طلبہ کے اچانک ویزے منسوخ ہونے سے تعلیمی اداروں اور انسانی حقوق کے کارکنوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے جبکہ ویزے منسوخ ہونے سے بین الاقوامی طلبہ بے چینی کا شکار ہو گئے ہیں۔

یوسی ایل اے میں 12 طلبہ اور گریجویٹس کے ویزے منسوخ کئے گئے، یونیورسٹی آف مشی گن کے ایک طالب علم نے ازخود ملک چھوڑ دیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق جن یونیورسٹیوں کے طلبہ کے ویزے منسوخ کیے گئے ہیں ان کے ویزا منسوخی کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں۔امریکی میڈیا کایہ بھی کہنا ہے کہ پچھلے چند روز میں 141 بین الاقوامی طلبہ کے ویزے منسوخ کیے گئے ہیں جبکہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ایک ہفتہ پہلے بتایا تھا کہ تین سو طلبہ کے ویزے منسوخ کیے جاچکے ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک پر بھاری ٹیکس عائد کرنے کا اعلان کیاتھا۔امریکی صدر نے وائٹ ہاو¿س میںمنعقدہ تقریب میں یوم آزادی کے موقع پر یورپی یونین اور 46 ممالک پر نئے تجارتی محصولات کے نفاذ کا اعلان کیاتھا۔امریکی صدر نے پاکستان پر 29 فیصد جوابی ٹیرف لگانے کا اعلان کیا ان کاکہنا تھا کہ پاکستان ہم سے 58 فیصد ٹیرف چارج کرتا تھا۔
امریکہ بھارت پر 26، چین پر 34، یورپی یونین پر 20 فیصد ٹیرف عائد کرے گا۔ سعودی عرب، قطر اور افغانستان پر دس، دس فیصد ٹیرف عائد ہو گا۔اس کے ساتھ ساتھ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کاکہنا تھا کہ بنگلا دیش پر37، جاپان پر 24، اسرائیل پر 17 اور برطانیہ پر 10 فیصد ٹیرف عائد کریں گے۔ گاڑیوں کی درآمد پر 25 فیصد اضافی ٹیکس عائد کریں گے۔امریکی صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاوس میں جوابی ٹیرف کے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کئے اور خطاب میں کہا کہ جوابی ٹیرف کا نفاذ امریکا کیلئے اچھا ہوگا۔ آج کا دن امریکی تاریخ کے اہم دنوں میں سے ایک تھا۔امریکی صدر ٹرمپ نے کہا تھاکہ ان اقدامات کے ذریعے امریکہ ایک نئے سنہری دور کا آغاز کرے گا۔