10سے 11روپے بجلی کی پیداوارکے ہیں، باقی 20روپے حکومت کیپسٹی پیمنٹ کے ذریعہ اداکرتی ہے، وفاقی وزیر مصدق ملک کا انکشاف
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) وفاقی وزیر مصدق ملک نے انکشاف کیا ہے کہ اس وقت بجلی کی پیداواری قیمت 10سے 11روپے ہے، باقی 20روپے حکومت کیپسٹی پیمنٹ کے ذریعہ اداکرتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مصدق ملک نے بجلی کی قیمت اور سولر پالیسی کے حوالے سے اہم انکشافات کیے ہیں۔ پیر کے روز قومی اسمبلی اجلاس کے دوران مصدق ملک کی جانب سے بتایا گیا کہ پہلے ہم نے جو پالیسی بنائی تھی اس کے مطابق شمسی توانائی میں سرمایہ کاری کرنے والے شہری 12سے 18ماہ تک کی مدت میں سرمایہ کاری کی رقم واپس حاصل کرلیتے تھے، نئی پالیسی کے تحت اب سرمایہ کاری کرنے والے 3سے لیکر4سال تک کی مدت میں سرمایہ کاری میں لگائی گئی رقوم پوری کرلیں گے۔
انہوں نے کہاکہ شمسی توانائی کی پالیسی کوریورس نہیں کیا گیا ہے بلکہ اس کومعقول بنایا گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ نیٹ میٹرنگ اورسولرہمارامستقبل ہے مگرہم نے بجلی کی خریداری کے معاہدوں کے ذریعہ وعدے کئے ہیں اگرہم بجلی نہیں خریدیں گے تو پھر کیپسٹی ادائیگیاں کرنی ہوتی ہے۔ اس وقت بجلی کی پیداواری قیمت 30روپے ہے، اس میں 10سے 11روپے بجلی کی پیداوار کے ہیں، باقی 20روپے حکومت کیپسٹی پیمنٹ کے ذریعہ ادا کرتی ہے، کیپسٹی ادائیگیوں کا مطلب یہ ہے کہ ہم بجلی استعمال کریں یانہ کریں ہم نے ادائیگی کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیٹ میٹرنگ کے ذریعہ حکومت بجلی خریدتی ہے، اس کا بوجھ نیٹ میٹرنگ اور دیگر صارفین پر پڑتا ہے، دیگرصارفین وہ ہیں جو15سے لیکر30لاکھ روپے تک کاسولرسسٹم اپنی چھتوں پرنہیں لگا سکتے، اس لئے حکومت نے مساویانہ بنیادوں پرپالیسی بنائی ہے تاکہ تمام فریقوں کواس کافائدہ ہوں۔ انہوں نے مزید کہاکہ ہم نے آہستہ آہستہ متبادل توانائی کی طرف جانا ہے، اس میں ماحولیاتی و موسمیاتی تبدیلیوں اورعوامل کو بھی شامل کیا گیا ہے۔