سیکورٹی خدشات ، شمالی اور جنوبی وزیرستان کے کئی علاقوں میں کرفیو کے نفاذ کا اعلان

ٹانک میں بھی سیکیورٹی خدشات کے باعث مختلف علاقوں میں کرفیو نافذ رہے گا، انتظامیہ نے کرفیو نافذ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، مسافروں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ متبادل راستوں کا انتخاب کریں

جنوبی وزیرستان ( نیوز ڈیسک ) سیکورٹی خدشات کے پیش نظر شمالی اور جنوبی وزیرستان کے کئی علاقوں میں کرفیوں کے نفاذ کااعلان کر دیا گیا، ضلعی انتظامیہ نے کرفیو نافذ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا،میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی وزیرستان اپر کے ڈپٹی کمشنر سلیم جان کے مطابق بدھ کو ایک دن کیلئے جنوبی وزیرستان اپر میں کرفیو نافذ ہوگا۔
مسافروں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ متبادل راستوں کا انتخاب کریں۔اس دوران آسمان منزہ سے لدھا اور مکین تک سڑکیں اور نواز کوٹ سے رزمک تک سڑکیں ٹریفک کیلئے بند رہیں گی۔ ٹانک میں بھی سیکیورٹی خدشات کے باعث مختلف علاقوں میں کرفیو نافذ رہے گا۔ سیکیورٹی فورسز کی درخواست پر ضلعی انتظامیہ نے کرفیو کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
شمالی وزیرستان میں بھی رزمک سب ڈویژن میں صبح 6 بجے سے شام 6 تک کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق نواز کوٹ پل سے ڈنکن تحصیل رزمک تک کرفیو ہوگا جب کہ ڈنکن سے میلوگئی پل تحصیل دوسلی تک مکمل کرفیو نافذ رہے گا۔واضح رہے کہ چند روز قبل بھی ضلع جنوبی وزیر ستان اپر، ضلع جنوبی وزیر ستان لوئر اور ٹانک کے ڈپٹی کمشنرز کی جانب سے سیکورٹی خدشات کے باعث کرفیو نافذ کر نے کا اعلان کیا گیاتھا۔خیبر پختونخوا ہ کے علاقے جنوبی وزیرستان کے دونوں اضلاع میں کرفیو نافذکرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا تھاجس کے مطابق صبح 6 سے شام 6 بجے تک تمام راستے بند رہیں گے۔
ڈپٹی کمشنر نے عوام سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کی اپیل کی گئی تھی۔جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ بی بی رغزئی سے جنڈولہ تک سڑک بند رہے گی۔ ان راستوں پر ہر قسم کی نقل وحرکت پر مکمل پابندی عائد کی گئی تھی۔ مسافروں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی تھی جبکہ وانا گومل زام روڈ مسافروں کیلئے کھلا رہے گا۔
ڈپٹی کمشنر ناصر خان کے مطابق زالئی سے نیو کیڈٹ کالج وانا تک کی سڑک بند رہے گی جب کہ تنائی، سرویکئی، جنڈولہ روڈ بھی بند رہے گی۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق ٹانک میں بھی کرفیو نافذ کیا گیا تھا۔ جنڈولہ ٹانک وانا جنوبی وزیرستان شاہراہ بند رہے گی۔نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا تھا کہ احمد وام سے کوٹکئی تک روڈ بند رہےگا۔ بی بی رغزئی سے جنڈولہ تک سڑک بند رہے گی۔نوٹی فکیشن کے مطابق ٹانک میں کوڑ قلعہ، منزئی، خرگئی، احمد وام اور جنڈولہ روڈ صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک مکمل بند رہیں گے۔ جب کہ جنوبی وزیرستان کے مسافروں کیلئے وانا براستہ گومل، گڑداوی ٹریفک کیلئے کھلا رہنے کااعلان کیا گیا تھا۔