چند لوگوں نے 25 کروڑ عوام کو یرغمال بنایا ہوا ہے، عوام بجلی، گیس پیٹرول اور اشیاء کی مہنگائی سے پریشان ہے، رمضان المبارک کے بعد احتجاجی تحریک اور لانگ مارچ کریں گے، امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن
لاہور ( نیوز ڈیسک ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے جماعت اسلامی ضلع شرقی کے تحت پروفیسر عبدالغفور احمد روڈ جوہر موڑ پرعوامی دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ فارم47کی بنیاد پر اسمبلیوں میں آنے والے عوام کے حقیقی نمائندے نہیں، رمضان المبارک کے بعد عوام کے حق کے لیے بجلی اور پیٹرو ل کی قیمتوں میں فوری کمی ایک نکاتی ایجنڈے پر زبردست احتجاجی تحریک شروع کریں گے،پہلے مرحلے میں تمام گورنر ہاؤسز کا گھیراؤ، وزیر اعلیٰ ہاؤسز پر دھرنے دیں گے، بڑی شاہراؤں پر احتجاج کریں گے اور اگلے مرحلے میں لانگ مارچ کریں گے، ملک کے ہرصوبے کے رہنے والے عوام کو ان کا حق دلوائیں گے، کراچی سے چترال تک تحریک چلائیں گے اور ملک کا نظام اور اس کی باگ دوڑ حقیقی قیادت کے حوالے کریں گے۔
دعوت افطار سے سکریٹری کراچی توفیق الدین صدیقی،امیرضلع شرقی نعیم اخترنے بھی خطاب کیا۔جوہر موڑ پر حافظ نعیم الرحمن کا شاندار استقبال کیا گیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔دعوت افطار میں قوت سماعت و گویائی سے محروم افراد نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔علاوہ ازیں امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے جامع مسجد قبا فیڈرل بی ایریا میں خطبہ جمع دیا اور نماز جمعہ کے ایک بڑے اجتماع سے بھی خطاب کیا۔
حافظ نعیم الرحمن نے دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے مزیدکہاکہ عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کی جارہی ہے لیکن پاکستان اس کمی کا کوئی فائدہ عوام کو نہیں دیا جارہا،ظالمانہ پیٹرول لیوی نہیں چلے گی،آئی پی پیز سے نظر ثانی شدہ معاہدوں کے بعد ایک ہزار ارب کی بچت کا فائدہ عوام کو پہنچایا جائے،پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے اٹھارہویں ترمیم کے بعد تمام تر اختیارات اور وسائل پر قبضہ کرلیا ہے۔
سندھ حکومت این ایف سی سے تو حصہ لے لیتی ہے لیکن پی ایف سی میں دینے کے لیے تیار نہیں ہے۔ کراچی کے عوام کو ان کا حق نہیں دیا جارہا،صوبے پر جاگیرداروں اور وڈیروں کی جاگیرداری نہیں چلنے دیں گے۔ رمضان المبارک کا مہینہ رجوع الی اللہ و القرآن کے ساتھ خیر خواہی کا مہینہ ہے۔ رمضان المبارک معاشرے میں خیر اور انفاق فی سبیل اللہ کا مہینہ ہے۔
گئے گزرے حالات میں بھی جب چاروں طرف برائیاں موجود ہیں۔ جب پورے سسٹم میں رشوت اور جھوٹ کی آمیزش شامل ہے،بلوچستان میں جو کچھ ہوا وہ ظلم ہے،رمضان المبارک میں ایسے لوگ بھی موجود ہیں جو انسانوں کو یرغمال اور قتل کررہے ہیں۔ پوری دنیا میں رمضان المبارک میں اشیاء کی قیمتیں کم کردی جاتی ہیں لیکن پاکستان میں رمضان سے قبل ہی چیزوں کی قیمتیں بڑھا دی جاتی ہیں۔
رمضان المبارک میں جہاں رجوع الی اللہ کررہے ہیں، وہاں دین کے نظام کے قیام کی بھی جدوجہد کریں۔ حکومتی و ریاست کی سطح سے عدل و انصاف کو قائم کیا جائے گا اور سب کے لیے یکساں نظام تعلیم ہوگی توسب کے کے لیے آگے بڑھنے کے مواقع ہوں گے۔ پاکستان کے آئین و قانون کے مطابق تعلیم سب کے لیے یکساں ہونی چاہیے۔ ملک کا گلا سڑا نظام ایسا ہے جس میں 96 فیصد لوگ تعلیم حاصل کرنے محروم ہیں تو ایسے میں محرومیاں ہی پیدا ہوگی۔
ملک کا سسٹم خود ایسے لوگوں کو پیدا کرنا چاہتا ہے کہ جس سے لوگ بیزار ہو جائیں گے۔ پاکستان کی 25 کروڑ ابادی ہے جس میں سے ہونے 3 کروڑ بچے ایسے ہیں جنہیں اسکول میں ہونا چاہییے تھا لیکن وہ سکول سے باہر ہیں۔پاکستان میں معدنیات ہیں اور تمام تر وسائل موجود ہیں لیکن چند لوگوں نے پاکستان کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ ملک میں اس وقت فارم 47 کی پیداوار مسلط ہیں انہیں نہیں معلوم موٹر سائیکل میں پیٹرول جس طرح بھروایا جاتا ہے، مراعات یافتہ طبقہ عوام کی تکلیف کو نہیں پہچان سکتا۔
اسٹیبلشمنٹ کے لوگ جو فارم 47 کے ذریعے جنہیں مسلط کرتے ہیں انہیں بھی حکومتی مراعات فراہم کی جاتی ہے۔ چند لوگوں نے 25 کروڑ عوام کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ جب تک ایسے افراد برسر اقتدار نہیں آئیں گے جنہیں عوام کا دکھ اور ان کی پریشانیاں پتا ہو مسائل حل نہیں ہوسکتے۔عوام جماعت اسلامی کی تحریک کا حصہ بنیں۔
نعیم اختر نے کہاکہ جماعت اسلامی ضلع شرقی کے تحت گزشتہ مہینے بنوقابل کا پروگرام منعقد کیا گیا۔
بنوقابل پروگرام نے ہزاروں کی تعداد میں ضلع شرقی کے نوجوانوں نے شرکت کی۔ گلستان جوہر میں بنیادی زندگی کی ضروریات تک میسر نہیں ہے۔ جماعت اسلامی اوراس کی پوری ٹیم انتھک محنت اور جدوجہد کے ذریعے بہترین کام کررہی ہے۔ کنٹونمنٹ بورڈ وارڈ 2 کی نشست میں جماعت اسلامی کے امیدوار نے کامیابی حاصل کی تھی۔ جماعت اسلامی کے یوسی کونسلر نے گزشتہ 3 سال میں وارڈ میں کام کروائے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمن نے حق دو کراچی تحریک شروع کی جس کی عوام کی جانب سے زبردست پزیرائی ملی۔ حق دو کراچی مہم کی وجہ سے ہی کراچی کے عوام نے جماعت اسلامی کو نمبر 1 پارٹی بنایا اور سب سے زیادہ ووٹ دیے۔ کراچی میں مئیر جماعت اسلامی کا آنا تھا لیکن پیپلز پارٹی نے جعلی طریقے سے اپنا مئیر مسلط کردیا۔ اس موقع پر نائب امیر کراچی راجا عارف سلطان، گلشن اقبال ٹاؤن کے چیئرمین ڈاکٹر فواد، وائس ٹاؤن چیئرمین ابراہیم صدیقی،سکریٹری ضلع نعمان پٹیل،نائب امراء ضلع شرقی عزیز الدین ظفر، محمد قطب، مرتضی غوری،سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری،جماعت اسلامی منارٹی ونگ کراچی کے صدر یونس سوہن ایڈوکیٹ ودیگر بھی موجود تھے۔
دریں اثناء حافظ نعیم الرحمن نے مسجد قبا فیڈرل بی ایریا میں نماز جمعہ کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ رمضان المبارک توبہ و استغفار اور تقویٰ اختیار کرنے کا مہینہ ہے، رمضان نزول قرآن کا مہینہ ہے اور ہمیں درس دیتا ہے کہ دین اور دنیا دو الگ الگ چیزیں نہیں،ہماری پوری زندگی، انفرادی و اجتماعی معاملات اللہ اور اس کے رسول ؐ کے احکامات کے تابع ہونے چاہیئے۔
انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے ملک میں رشوت اور جھوٹ کا نظام چل رہا ہے،معاشرے میں محرومیاں بڑھتی جارہی ہیں،ہماری معیشت آزاد ہے نہ سیاست و حکومت درست سمت جارہی ہیں،آئی ایم ایف سے ڈکٹیشن لی جاتی ہے، سودی معیشت اور نظام کو ختم کرنے کے بجائے اس کو تحفظ دیا جاتا ہے۔عوام بجلی، گیس پیٹرول اور اشیائے صرف کی قیمتوں اور مہنگائی سے پریشان ہیں،عوام کے لیے بڑا مشکل ہوگیا ہے کہ اپنے بچوں کی تعلیم اور کھانے پینے کا انتظام کریں یا بجلی کے بھاری بل ادا کریں۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ گزشتہ سال جماعت اسلامی نے بجلی کے بھاری بلوں اور آئی پی پیز کے خلاف زبردست جدوجہد کی اور راولپنڈی میں 14روزہ دھرنا دیا جس کے باعث حکومت نے ہم سے معاہدہ کیا، پہلے تو آئی پی پیز کو مقدس قرار دیاجاتا تھا مگر پھر حکومت آئی پی پیز سے بات چیت کرنے پر تیار ہوئی اور پھر کئی آئی پی پیز سے معاہدوں پر نظر ثانی کے بعد 1000روپے کی بچت اور فائدہ ہوا، حکومت ابھی تک اس فائدے کو عوام تک منتقل کرنے اور بجلی کی قیمتیں کم کرنے پرتیار نہیں ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ ملک میں سیاست اور حکومت ان ہاتھوں میں ہے جو رشوت، جھوٹ اور ظلم کے نظام کو قائم رکھنا چاہتے ہیں۔ ان حالات سے نکلنے کے لیے اپنے بچوں کے بہتر مستقبل عوام کی فلاح و بہبود اور ظلم کے نظام کے خاتمے کے لیے ایک بڑی جدوجہد اور تحریک کی ضرورت ہے، جماعت اسلامی اس جدوجہد میں مصروف ہے اور ظلم کے نظام اور ظالم حکمرانوں کے خلاف مزاحمت کرسکتی ہے، ہم ملک میں اسلام کے عادلانہ ومنصفانہ نظام کے قیام اور سودی نظام معیشت کے خاتمے کی جدوجہد کررہے ہیں اور یہ جدوجہد جاری رکھیں گے۔