بلوچستان میں گزشتہ روز کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس ٹرین پر حملہ کرکے مسافروں کو یرغمال بنالیا گیا تھا
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) صوبہ بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد وزیردفاع، وزیرخارجہ سمیت دیگر ن لیگی وزراء اور رہنماؤں نے پاکستان تحریک انصاف کو ہدفِ تنقید بنا لیا۔ اس حوالے سے اپنے بیان میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ اس وقت جب فوج جعفر ایکسپریس کے یرغمالیوں کو بچانے کی جنگ لڑ رہی ہے، ایسے وقت اتحاد و یک جہتی کی ضرورت ہےاس ماحول میں یہ ٹولہ فوج اور ایجنسیوں کو ٹارگٹ کر رہا ہے ، دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوم کی جنگ ہے، اس وقت ہماری افواج روزانہ جانوں کی قربانی دے کر 25 کروڑ ہم وطنوں محفوظ رکھ رہے ہیں ، اس فضا میں ایک سیاسی گروہ جس کا سرغنہ چوری کے جرم میں سزا کاٹ رہا ہے، فوج کو دن رات ٹارگٹ کر رہا ہے، اس سیاسی گروہ اور سرغنہ کیلئے وطن کی سالمیت کوئی اہمیت نہیں رکھتی ، حقیقت میں یہ ٹولہ دہشت گردوں کا پارٹنر ہے اور ان کو پاکستان میں بسانے کی سہولت کاری انہوں نے سرانجام دی ہوئی ہے، خیبر پختونخواہ اس وقت دہشت گردی کا مین ٹارگٹ ہے لیکن وہاں کی حکومت کا ٹارگٹ اسلام آباد ہے ، یہ ساری ملی بھگت سے ہو رہا ہے۔
اسی طرح وزیر خارجہ اسحاق ڈار کہتے ہیں کہ تحریک انصاف نے جعفر ایکسپریس حملے پر اپنی سیاست کا گھناؤنا چہرہ دکھایا ہے، جب دشمن نے پاکستان کے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا، تحریک انصاف نے فوج پر الزام تراشی شروع کر دی، قوم دشمنوں کے اس ناپاک گٹھ جوڑ کو سمجھ چکی ہے، یہ قوم کے ساتھ غداری ہے۔ اس معاملے پر وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کے بعد جب قوم صدمے میں تھی، تحریک انصاف نے اپنی اصلیت دکھا دی، بی ایل اے کی مذمت کرنے کے بجائے فوج کے خلاف زہر اگلنا ناقابلِ برداشت ہے، دشمن کے حملے پر خاموشی اور فوج پر الزام تراشی یہ ملک دشمنی نہیں تو اور کیا ہے؟۔
مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کے حملے میں بے گناہ شہریوں کی شہادت پر ہر پاکستانی کا دل خون کے آنسو رو رہا ہے، مگر افسوس تحریک انصاف کی قیادت کو نہ قوم کے درد کا احساس ہے، نہ شہداء کے لہو کی پرواہ ہے، فوج اور ریاستی اداروں کو نشانہ بنا کر آخر پی ٹی آئی کس دشمن کے ایجنڈے کی تکمیل کر رہی ہے؟ قوم ان ناپاک عزائم کو بخوبی پہچان چکی ہے اور انہیں معاف نہیں کرے گی۔
جعفر ایکسپریس واقعے پر ن لیگی سینیٹر عرفان صدیقی نے سابق وزیراعظم عمران خان پر تنقید کی اور کہا کہ جعفر ایکسپریس پر حملے اور سینکڑوں مسافروں کے اغوا کی مذمت کے بجائے، عمران خان کا اپنا بچا کھچا وزن، خواتین اور معصوم بچوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے دہشت گردوں کے پلڑے میں ڈال دینا نہایت ہی افسوس ناک اور قابل مذمت ہے، اُٹھتے بیٹھتے دوسروں کو اپنی حدود یاد دلانے والے کی اپنی بھی کچھ حدود ہیں یا نہیں؟۔