خیبر پختونخواہ میں ایک سال میں 625 نئے منصوبوں کے دعوے پر عظمیٰ بخاری کا ردعمل
لاہور ( نیوز ڈیسک ) وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخواہ لاقانونیت، دہشت گردی اور کرپشن میں سبقت لے رہا ہے، ایک سال میں 365 دن ہوتے ہیں مگر کے پی حکومت نے 625 منصوبے ایک سال میں شروع کردیئے، گنڈاپور سرکار کے یہ 625 منصوبے ایک ارب درختوں کی طرح ہوں گے۔ خیبر پختونخواہ میں 625 نئے منصوبے شروع کرنے کے دعوے پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک سال میں ایک دن بھی خیبرپختونخواہ حکومت کے کسی وزیر یا وزیراعلیٰ کو نئے منصوبے کا افتتاح کرتے نہیں دیکھا، ایک سال میں 625 بار تو وزیر اعلیٰ دفتر تک نہیں آیا، یہ منصوبے مؤکلات نے شروع کروادیئے؟ جس صوبے کے پاس یونیورسٹیوں کو چلانے کا بجٹ نہیں، ان کو یونیورسٹیوں کی زمینیں بیچنی پڑیں وہ 625 منصوبے شروع کرنے کا جھوٹ مت بولیں۔
عظمیٰ بخاری کہتی ہیں کہ خیبرپختونخواہ کو وفاق سے ملنے والے فنڈز صرف جلسے، دھرنے اور بندربانٹ کی نظر ہورہے ہیں، وفاقی حکومت خیبرپختونخواہ کو دیئے گئے فنڈز کا آڈٹ کروائے کیوں کہ خیبرپختونخواہ میں سرکاری ملازمین تنخواہوں اور بلدیاتی نمائندے فنڈز کیلئے ہر ہفتے احتجاج کرتے ہیں، علی امین گنڈاپور کی ترجیحات میں صوبے کے غریب عوام نہیں اڈیالہ کا قیدی ہے، خیبرپختونخواہ میں کرپشن اپنے عروج پر ہے، احتساب کمیٹی کے لوگ خود اس میں ملوث ہیں، گھڑیاں، انگوٹھیاں اور 190 ملین کے ڈاکے مارنے والے کی احتساب کمیٹی خود قابل احتساب ہے۔
قبل ازیں خیبرپختونخواہ حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف نے دعویٰ کیا تھا کہ خیبر پختونخواہ حکومت نے مریم نواز کی 150 تصاویر کے مقابلے میں 625 ترقیاتی منصوبوں کی کارکردگی رپورٹ جاری کی، خیبر پختونخواہ حکومت نے اپنی ایک سالہ کارکردگی کو کتابی شکل میں شائع کیا، جس میں ایک سال کے دوران 25 مختلف شعبوں کے 25، 25 نمایاں منصوبوں کا ذکر کیا گیا ہے، مجموعی طور پر ایک سال میں علی امین گنڈا پور کی قیادت میں خیبر پختونخواہ حکومت نے عوامی فلاح و بہبود کے 625 منصوبے شروع کیے، مریم نواز اپنی ذاتی تشہیر سے نکل کر علی امین کی طرح عوامی فلاح کا سوچیں۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخواہ میں صوبائی حکومت کی ایک سال کی کارکردگی دیگر صوبائی حکومتوں پر سبقت لے گئی ہے، علی امین گنڈاپور حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت کررہے ہیں، فارم 45 اور فارم 47 کے وزیراعلیٰ میں یہی فرق ہوتا ہے، خیبرپختونخواہ کی کارکردگی مریم نواز کی طرح محض تصویری نمائش تک محدود نہیں، مریم نواز صرف اخبارات میں اپنی تصاویر شائع کروانے کو کارکردگی سمجھتی ہیں۔